واشنگٹن... امریکی صدر ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ باضابطہ طور پر سرکاری ملازم بن گئیں۔ انپے والد کے مشیر کی ذمہ داریاں سرانجام دیں گی اور اس کام کیلئے کوئی تنخواہ وصول نہیں کریں گی۔ وائٹ ہاوس سے جاری بیان میں اس کا اعلان کیا گیا۔ ایوانکا ٹرمپ کے شوہر جیرڈ کشنر پہلے ہی سینیئر صدارتی مشیر کے عہدے پر فائز ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ ایوانکا ٹرمپ نے اپنے والد کی حمایت اور مدد کے لئے یہ اہم قدم اٹھایا۔ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد سے ایوانکا وائٹ ہاوس میں مستقل موجود رہی ہیں اور انہیں یہاں دفتر بھی ملا ہوا ہے۔ایوانکا ٹرمپ کو سرکاری یا سیاسی عہدوں اور کاموں کا کوئی تجربہ نہیں ، وہ فیشن کی دنیا میں اپنا نام رکھتی ہیں۔ اس سے قبل ایوانکا کے وکیل جیمی گوری لک نے بتایا تھا کہ وائٹ ہاوس میں قیام کے دوران ایوانکا کو خفیہ معلومات تک بھی رسائی حاصل ہوگی وہ ان تمام اصولوں کی پاسداری کرنے کی پابند ہوں گی ۔