Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت میں بھی اومی کرون کا پہلا کیس سامنے آ گیا

متاثرہ شخص کا تعلق یورپ کے ایک ملک سے ہے (فوٹو: روئٹرز)
کویت میں کورونا کے نئے وائرس اومی کرون کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔
کویتی خبر رساں ادارے کونا کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹرعبداللہ السند نے ایک بیان میں کہا ہے کہ’ اومی کرون سے متاثرہ شخص کا تعلق یورپ کے ایک ملک سے ہے اور وہ ایک افریقی ملک سے کویت کے راستے وطن واپس جا رہے تھے۔‘
بیان میں کہا گیا کہ’ متاثرہ یورپی شہری نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے رکھی تھیں۔‘
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’یورپی شہری کو ہوٹل قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ کویتی وزارت صحت کے مقررہ ضوابط کے مطابق یہ اقدام کیا گیا۔‘
ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’جب سے دنیا کے متعدد ملکوں میں کورونا وائرس کی نئی شکلیں ریکارڈ پر آئی ہیں وزارت صحت پیشگی حفاظتی تدابیر اختیار کیے ہوئے ہے۔‘
کویت کے صحت حکام خصوصی ٹیسٹ لے رہے ہیں تاکہ وائرس کی کسی بھی نئی شکل کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔
ترجمان نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو اطمینان دلایا کہ ’حالات تسلی بخش ہیں، خوف زدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ تمام حفاظتی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔‘
یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب اور امارات میں بھی اومی کرون کے کیس ریکارڈ پر آ چکے ہیں۔ کویت تیسرا خلیجی ملک ہے، جہاں اس کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔
 

شیئر: