نئی سہولت سے تارکین کے اہل خانہ پرعائد فیس سہہ ماہی جمع کرانے کے بعد اقامہ تجدید کرایا جا سکتا ہے (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں رہنے والے کارکنوں کےلیے اقامہ کا حصول لازمی ہے جو سالانہ بنیادوں پر تجدید کیا جاتا ہے۔
حکومت کی جانب سے اقامہ کی تجدید کے لیے سہ ماہی، شش ماہی اور سالانہ سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ فیس کی ادائیگی میں آسانی ہو۔ اس کے علاوہ وہ افراد بھی اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جواپنے اہل خانہ کے ہمراہ مملکت میں مقیم ہیں۔
اقامہ کی تجدید میں مذکورہ سہولت دینے سے زیادہ فائدہ اہل خانہ کے ہمراہ مقیم تارکین کو ہوگا جو اپنی ممبران پرعائد ماہانہ فیس یکمشت جمع کرانے کے پابند تھے۔؎
نئی سہولت سے تارکین کے اہل خانہ پرعائد فیس سہہ ماہی جمع کرانے کے بعد اقامہ تجدید کرایا جا سکتا ہے۔
ایک شخص نے کفالت کی تبدیلی کے حوالے سے دریافت کیا کہ’اقامہ ایکسپائر ہے کفالت کی تبدیلی کرنا مقصود ہے۔ معلوم یہ کرنا ہے کہ کیا مذکورہ صورت میں کفالت کی تبدیلی ممکن ہوسکتی ہے؟‘
جوازات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’کفالت کی تبدیلی ایکسپائراقامہ کی موجودگی میں کی جاسکتی ہے۔ کفالت تبدیل کرنے کےلیے مقررہ ضوابط کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے فیس ادا کرنے کے بعد لیبر آفس سے باقی امور مکمل کیے جائیں گے۔‘
واضح رہے کفالت تبدیل کرنے کےلیے کارآمد اقامہ ہونا ضروری نہیں۔ کفالت تبدیل کرنے کے دوران اقامہ کی تجدید بھی کرائی جاسکتی ہے جس کےلیے کوئی امر مانع نہیں ہوتا۔
کفالت کی تبدیلی کے لیے مقررہ فیس ادا کرنا ضروری ہے جس کے بعد محنت کے نئے قانون کے تحت آجر و اجیر کے مابین ڈیجیٹل معاہدہ کیا جاتا ہے جسے فریقین منظورکرتے ہیں۔ اس کے بعد کفالت تبدیل کرائی جاسکتی ہے۔ کفالت تبدیل کرنے کے بعد اقامہ تجدید کی مطلوبہ فیس ادا کی جائے گی۔
خیال رہے اقامہ تجدید کےحوالے سے نئے ضوابط کے تحت اقامہ تین، چھ اور 12 ماہ کےلیے تجدید کرایا جاسکتا ہے جس کے لیے تجدید کی فیس بھی اسی بنیاد پر جمع کرانا ہوگی۔
اقامہ گم ہونے کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا کہ ’اہل خانہ کا اقامہ گم ہوگیا کیا اس صورت میں جرمانہ ہوگا؟‘
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ ’اقامہ گم ہونے پرجرمانے سے بچنے کےلیے لازمی ہے کہ 24 گھنٹے کے اندر متعلقہ ادارے کو رپورٹ کی جائے۔
واضح رہے اقامہ کارڈ گم ہونے پرجوازات کے دفتر میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرانا ہوتی ہے۔ ایسے علاقے جہاں جوازات کے ذیلی دفتر نہ ہوں وہاں علاقے کے تھانے میں رپورٹ کرائی جاتی ہے۔
رپورٹ کی کاپی کے ساتھ جوازات کے دفتر سے رجوع کرکے وہاں سے ڈپلیکیٹ اقامہ کارڈ جاری کرانے کی کارروائی کی جائے گی۔
خیال رہے اقامہ کارڈ گم ہونے پرمخصوص وقت میں رپورٹ نہ کرانے پرڈپلیکیٹ اقامہ جاری کرانے پرایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا ہے۔ جرمانے کی ادائیگی ’سداد ‘ سسٹم کے ذریعے کرائی جاتی ہے۔