حرمین سمیت ملک بھر میں نماز استسقا، باران رحمت کے لیے دعائیں
’تمام ریجنوں کے گورنروں اور نائب گورنروں نے بھی اپنے اپنے ریجن کی بڑی مساجد میں ہونے والی نماز میں شمولیت اختیار کی ہے‘ ( فوٹو: واس)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی ہدایت پر مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف سمیت ملک کی تمام مساجد اور بیشتر سکولوں میں آج نماز استسقا ادا کی گئی ہے۔
واس اور سبق کے مطابق تمام ریجنوں کے گورنروں اور نائب گورنروں نے بھی اپنے اپنے ریجن کی بڑی مساجد میں ہونے والی نماز میں شمولیت اختیار کی۔
نماز استسقا کا سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام میں ہوا ہے جہاں ہزاروں زائرین حرم سمیت گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے نماز ادا کی ہے۔
حرم مکی شریف انتظامیہ کے سربراہ شیخ عبد الرحمن السدیس نے امامت کرائی اور خطبہ دیا۔
اپنے خطبے میں انہوں نے مسلمانوں کو تقوی اختیار کرنے کی ترغیب دی اور توبہ و استغفار کی تلقین کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’استغفار کی کثرت خیر و برکت کا باعث ہے جس کی وجہ سے رزق میں برکت اور آسمان سے بارش کا نزول ہوتا ہے‘۔
نماز استسقا کے لیے دوسرا بڑا اجتماع مسجد نبوی میں ہوا جہاں گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نمازیوں میں پیش پیش رہے۔
مسجد نبوی کے امام و خطیب شیخ صلاح البدیر نے خطبہ دیا اور نماز کی امامت کی ہے۔
انہوں نے اپنے خطبے میں کہا ہے کہ ’باران رحمت کے لیے نماز استسقا سنت ہے جس پر ہر دور میں عمل ہوتا رہا ہے‘۔
انہوں نے مسلمانوں کو صدقہ و خیرات اور طاعات کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی ہے۔
دوسری طرف مشرقی ریجن کی متعدد مساجد میں بھی نماز استسقا ادا کی گئی جبکہ الخبر کی جامع ملک فہد میں ریجن کا سب سے بڑا اجتماع ہوا جس میں گورنر شہزادہ سعود بن نایف بن عبد العزیز نے بھی شرکت کی ہے۔
اسی طرح ریاض ، تبوک، قصیم، عسیر، جازان، نجران، باحہ اور دیگر ریجنوں میں بھی نماز استسقا ادا کی گئی ہے جبکہ ملک کے متعدد سکولوں میں بھی باران رحمت کے لیے نماز ادا کی گئی ہے۔