پی ایس ایل سیون کی ڈرافٹنگ میں لاہور قلندرز، کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی نے 8،8 جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز نے 7،7 کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے۔
لاہور کے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کی ڈرافٹنگ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ شریک ہوئے جبکہ فرنچائز مالکان نے 6 مختلف کیٹگریز میں 18 کھلاڑیوں کا چناؤ کیا، ایونٹ 27 جنوری سے شروع ہو کر 27 فروری تک جاری رہے گا جس میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے۔
سوشل میڈیا صارفین پی ایس ایل سیون کی ڈرافٹنگ پر اظہار حیال کر رہے ہیں، پی ایس ایل میں کئی نیشنل کھلاڑیوں سمیت عالمی کھلاڑی بھی میدان میں نظر نہیں آئیں گے۔
آسٹریلین بیٹسمین بین ڈنک نے چند دن قبل کوئٹہ گلیڈیٹرز کی ایک ٹویٹ پر پی ایس ایل سیون کا بے صبری سے انتظار کرنے کے بارے میں لکھا کہ’ شروع ہونے کا انتظار نہیں کر سکتا!‘
دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی بین ڈنک کے مداح انہیں پی ایس ایل سیون کی ڈرافٹنگ شامل نہ کرنے پر اظہار افسوس کرتے نظر آرہے ہیں۔
عبداللہ وہاب خان نامی صارف نے لکھا ’بین ڈنک نے صرف پی ایس ایل کے لیے آسٹریلین ڈومیسٹک آفرز کو ٹھکرا دیا پر پی ایس ایل سیون کے ڈرافٹ میں انہیں نہیں لیا گیا۔‘
عبداللہ نے مزید لکھا ہے کہ ’یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ انہیں پی ایس ایل سیون میں نہیں لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ وہ ان غیر ملکی کھلاڑیوں میں سے ایک تھے جو کورونا وائرس کے دوران پی ایس ایل کھیلنے کے لیے پاکستان میں ٹھہرے تھے۔‘
ایک ٹوئٹر صارف پلوشہ نظیر نے بین ڈنک کی ایک تصویر کے کپشن میں مزاحیہ انداز میں لکھا ہے کہ ’ایک بلی موٹی تازی تھی جو مزے سے ڈنگ ڈونگ کھاتی تھی‘
پلوشہ نے مزید لکھا ’بین ڈنک قلندرز کے پرستار آپ کو یاد کریں گے۔‘
شبان انور نامی صارف نے لکھا ہے کہ ’بین ڈنک پر دل اداس ہے جس نے صرف پی ایس ایل سیون میں کھیلنے کے لیے بی بی ایل اور تمام ڈومیسٹک ٹورنامنٹ چھوڑے تھے پھر پی ایس ایل سیون کے ڈرافٹ میں فروخت نہیں ہوا۔‘
محمد احمد نے لکھا کی ’مجھے سب سے زیادہ دو بندوں کے نہ لیے جانے پر افسوس ہے کہ بین ڈنک جس نے اپنی لیگ کو چھوڑ کر پی ایس ایل کو چنا تھا‘
صارف نے مزید لکھا کہ اسی طرح جب نیوزی لینڈ نے دورے سے انکار کیا تو کرس گیل نے پاکستان کے لیے آواز اٹھائی تھی۔ ’دونوں کو نہیں لیا‘
ناظم خان اپنے ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’پی ایس ایل سیون کا سب سے بڑا اپ سیٹ یہ ہے کہ کسی نے بین ڈنک کو نہیں لیا‘
انہوں نے مزید لکھا کہ احمد شہزاد، صاحبزادہ فرحان، جنید خان، زاہد محمود، عماد بٹ، عرش علی خان، ناصر نواز، علی عمران، عمر خان، اور ابرار احمد کو بھی پی ایس ایل 2022 کے لیے کسی فرنچائز نے نہیں لیا۔