اومیکرون کی تازہ صورتحال پر پریس کانفرنس آج
اتوار 19 دسمبر 2021 10:38
’ٹوئٹر پر خصوصی ہیش ٹیگ کے تحت عام افراد بھی سوالات کر سکتے ہیں‘ ( فوٹو: ٹوئٹر)
وزارت صحت میں آج کورونا کے متعلق ہفتہ وار پریس کانفرنس ہوگی جس میں اومیکرون کی تارزہ ترین صورتحال سے آگاہی دی جائے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پریس کانفرنس وزارت صحت کے صدر دفتر ریاض میں عصر کے بعد 3 بجکر 35 منٹ پر شروع ہوگی۔
وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’پریس کانفرنس کے پہلے مقرر وزارت ہیومن ریسورسز کے ترجمان سعد عبد اللہ آل حماد ہوں گے‘۔
’وہ سرکاری ونجی شعبے میں ایس او پیز اور ملازمین کی ویکسینیشن کے تازہ اعداد و شمار بتائیں گے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’دوسرے مقرر صحت بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر عبد اللہ بن رشود القویزانی ہیں جو اومیکرون کے متعلق تازہ ترین صورتحال پر آگاہی دیں گے‘۔
’جبکہ تیسرے مقرر وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی ہیں جو ملک میں کورونا کے اعداد و شمار اور ویکسین کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’مقررین سے صحافیوں کے علاوہ عام افراد بھی سوالات کر سکتے ہیں‘۔
’اس مقصد کے لیے ٹوئٹر پر خصوصی ہیش ٹیگ جاری کیا گیا ہے جس کے تحت سوالات کئے جاسکتے ہیں‘۔