Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین شہر لدھیانہ کی عدالتی عمارت میں دھماکہ، دو ہلاک چار زخمی

بدھ کی دوپہر کو لدھیانہ کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی دوسری منزل کے واش روم میں یہ دھماکہ ہوا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین ریاست پنجاب کے شہر لدھیانہ کی عدالتی عمارت میں بم دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ چار زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ کی دوپہر کو لدھیانہ کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کی دوسری منزل کے باتھ روم میں یہ دھماکہ ہوا۔
ایک فوٹیج میں پولیس اہلکاروں کو زخمی افراد کو عمارت سے باہر لے جاتے اور دیگر لوگوں کو عمارت چھوڑنے کی ہدایت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
وہاں موجود ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ ’یہ ایک دھماکہ تھا لیکن ابھی ہم اب اس کی وجہ نہیں بتا سکتے۔‘
’ہم دو افراد کے ہلاک جبکہ چار کے زخمی ہونے کی تصدیق کر سکتے ہیں۔‘
انڈیا ٹوڈے کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
’دھماکے کے بعد پورے پنجاب میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور پولیس کو عوامی مقامات کی سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔‘
دھماکے کے بعد کورٹس کمپلیکس کے باہر لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا اور ایک ویڈیو میں دھماکے کی جگہ سے دھواں اٹھتا دکھائی دیا۔
خیال رہے کہ جمعرات کو وکلا کی جانب سے ہڑتال کی وجہ سے عدالت میں بہت کم لوگ موجود تھے۔
دھماکے نتیجے میں باتھ رومز تباہ ہوگئے جبکہ عمارت کی کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
انڈیا کی ریاست پنجاب کے وزیراعلیٰ چرنجیت سنگھ نے کہا کہ وہ جلد لدھیانہ پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا ’واقعے کے پیچھے کچھ ملک دشمن عناصر ہو سکتے ہیں کیونکہ اسمبلی الیکشن بھی قریب ہیں۔‘
’اس واقعے میں ملوث افراد کو معاف نہیں کیا جائے گا۔‘

شیئر: