دہشتگرد پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے درپے ہیں، پاکبان
پارا چنار میں دہشتگردانہ دھماکوں پر ریاض میں مقیم پاکبانوں کا شدید ردعمل
ریاض ( ذکاءاللہ محسن) پاراچنار دھماکے کوپاکبانوں نے بزدلانہ کاروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں مگر وہ اپنے ارادوں میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔محب گل شلمانی نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے دوسری بار پاراچنار کو نشانہ بنایا گیا ہے جو انسانیت سوز عمل ہے۔ دہشت گردی کو روکنے کےلئے ہمیں متحد ہونا ہوگا۔ دارالسلام کے مدیر عبدالمالک مجاہد نے پاراچنار دھماکے میں شہید ہونے والوںکے لواحقین اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔رانا خالد اکرم، مبین چوہدری، محمد خالد رانا، راشد محمود بٹ، ڈاکٹر سعید وینس، نصیر احمد، فیض احمد، شیخ سعید احمد نے کہا کہ دہشت گرد ہمارے ارادوں کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ دہشت گرد اسلام کا لبادہ اوڑھ کر انسانیت کا قتل عام کر رہے ہیں۔ پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا اور بہت جلد دہشت گردوں کا خاتمہ ہو جاے گا۔وسیم سجاد، عبدالقیوم خان، یونس ابو غالب،حافظ عبدالوحید، افتخار خان، راجہ یعقوب، سید فرمان علی، حنیف بابر، شمشاد صدیقی، فیاض گیلانی ملک محمود نے کہا کہ دہشت گرد کا راستہ روکنا ضروری ہے۔اب تک ہزاروں پاکستانی بم دھماکوں کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ضرب عضب اور ردالفساد آپریشن کے ذریعہ دہشت گردوں کا صفایا قابل ستائش ہے۔پوری قوم پاکستان آرمی کے ساتھ کھڑی ہے۔ آئندہ نسلوں کو محفوظ بنانے کےلئے دہشتگردی کا خاتمہ بہت ضروری ہے تاکہ پاکستان بہتر انداز میں ترقی کر سکے۔