والد کو کندھے پربٹھا کرمسجد نبوی کی زیارت کرانے والا سعادت مند نوجوان
سعادت مند نوجوان کی ویڈْیوغیر معمولی طورپر مقبول ہو گئی (فوٹو: ٹوئٹر)
مسجد نبوی میں ضعیف والد کوکندھوں پر بٹھا کر زیارت کرانے والے سعودی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ صارفین کی بڑی تعداد نے اس عمل پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔
اخبار 24 کے مطابق مسجد نبوی کے زائرین بوڑھے باپ کو کندھے پر بٹھا کر لانے والے مقامی شہری کو دیکھ کر خوشی سے جھوم اٹھے جو اپنے باپ کی خواہش پوری کرنے کےلیے انہیں کندھے پر بٹھا کر مسجد لے کر پہنچ گیا تھا۔
وائرل ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نوجوان تیز قدموں سے مسجد نبوی کے دالانوں سے گزر رہا ہے اور کندھوں پر بوڑھے باپ کو بٹھائے ہوئے ہے۔
صارفین نے ویڈیو کلپ میں یہ منظردیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔
اکثر صارفین کا کہنا تھا کہ نوجوان نے اپنے باپ کے بہت سارے احسانات کا بدلہ چکانے کی اپنی سی کوشش کی ہے۔ اولاد کی اچھی تربیت، خوشگوار نتائج کا باعث بنتی ہے۔
صارفین نوجوان کو سعادت مندی پر دعائیں بھی دے رہے ہیں۔