غیرقانونی تارکین کو منتقل کرنے والا سعودی شہری گرفتار
سرحدی قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کو پناہ دینا سنگین جرائم میں شامل ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
عسیر ریجن کے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تین غیر ملکیوں کو نقل و حمل کی سہولت فراہم کرنے والے سعودی شہری کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق عسیرریجن میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے ایک سعودی شہری کو گرفتار کیا جو اپنی گاڑی میں سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تین اردنی باشندوں کو دوسرے شہر میں منتقل کر رہا تھا۔
پولیس ٹیم نے چاروں افراد کو حراست میں لے لیا۔ غیر ملکیوں کو جو سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے ڈیپوٹیشن سینٹر بھجوا دیا گیا جبکہ غیر قانونی افراد کو نقل و حمل کی سہولت فراہم کرنےوالے سعودی شہری کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا گیا۔
واضح رہے مملکت کے سرحدی قوانین کے تحت ایسے افراد جو کسی بھی غیر قانونی تارک وطن کو نقل و حمل یا پناہ دینے میں ملوث ہوتا ہے اسے 15 برس قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانہ کیا جاتا ہے۔
غیر قانونی افراد کو نقل وحمل کی سہولت فراہم کرنا یا انہیں اپنے گھر میں ٹھہرانا سنگین جرم ہے جس پرسخت سزا دی جاتی ہے۔ مقررہ سزاؤں میں نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی یا وہ گھر جہاں انہیں پناہ دی گئی ہوتی ہے وہ بحق سرکار ضبط کر لیے جاتے ہیں۔