30 برس سے ایک ہی کینڈی کا تحفہ ایک دوسرے کو دینے والے دو بھائی
30 برس سے ایک ہی کینڈی کا تحفہ ایک دوسرے کو دینے والے دو بھائی
اتوار 26 دسمبر 2021 16:42
اس سال ریان واسن نے اس کینڈی سے متعلق نئے آئیڈیاز کے لیے سوشل میڈیا پر ایک گروپ کا رخ کیا۔ (فوٹو: اے پی)
امریکی ریاست نیو ہیمپشائر میں رہنے والے دو بھائی 30 برسوں سے ایک ہی کینڈی تحفے میں دے اور وصول کر رہے ہیں اور اب انہوں نے اپنی مہارت کو ایک آرٹ بنا لیا ہے۔
خبر رساں ادارے ایوسی ایٹڈ پریس (اےپی) کے مطابق یہ سلسلہ 1987 میں شروع ہوا جب ریان واسن نے کرسمس کے لیے مذاق کے طور پر اپنے بھائی ایرک واسن کو مختلف پھلوں کے ذائقوں کے ساتھ ایک 10 رول فرینک فورڈ ’سانتا کینڈی بک‘ دی۔ اس کا خیال تھا کہ ایرک اسے پسند نہیں کرے گا۔
ایرک واسن نے ڈبلیو مور ٹی وی چینل کو بتایا کہ ’میں نے اسے نہیں کھایا اور اس طرح اگلے برس میں نے سوچا مجھے یہ کینڈی ریان واسن کو واپس کرنی چاہیے۔ اسے کبھی یاد نہیں آئے گا۔‘
لیکن ریان نے اسے فوراً پہچان لیا۔ وہ تب سے اس کینڈی کا بار بار آپس میں ہی تبادلہ کر رہے ہیں۔ لیکن اب وہ اس کینڈی کے بارے میں تخلیقی انداز میں سوچ رہے ہیں۔
ریان واسن نے ٹی وی چینل کو بتایا کہ کینڈی کو برف کے ایک بلاک میں جما دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’اس نے ایک بار اسے ٹیڈی بیئر میں رکھ دیا تھا۔‘
اب اس روایت میں خاندان کے افراد اور ساتھ کام کرنے والے بھی شامل ہیں۔ پچھلے برس یہ کینڈی ریان واسن کو ایک ریسٹورنٹ میں چاندی کی پلیٹ میں پیش کی گئی تھی۔
تاہم اس سال ریان واسن نے اس کینڈی سے متعلق نئے آئیڈیاز کے لیے سوشل میڈیا پر ایک گروپ کا رخ کیا۔ جہاں اسے پیزا کی ڈیلیوری یا کرسمس کیرولرز کے ذریعے پہنچانے، کتاب یا کیک میں چھپانے کے مشورے دیے گئے۔
ریان واسن نے کہا کہ ’اگر آپ پوچھتے ہیں کہ یہ کینڈی دینے میں اب تک کس نے سب سے بہتر طریقہ اختیار کیا ہے تو ہم دونوں کہیں گے کہ ہم نے۔‘