Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یاسر شاہ بے گناہ قرار ’بدنام کرنے والوں کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کروں گا‘

 متاثرہ خاتون کے مطابق یاسر شاہ کا نام غلط بیانی کی بنیاد پر شامل ہوا۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹر یاسر شاہ کا نام مبینہ زیادتی کیس میں درج مقدمے سے خارج کر دیا گیا۔
بدھ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ شالیمار کے ایس ایچ او نے کہا کہ یاسر شاہ کا کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ان کا نام ایف آئی آر سے خارج کر دیا ہے۔
متاثرہ خاتون کی جانب سے تھانہ شالیمار میں دی گئی درخواست میں یاسر شاہ کا نام مقدمے سے خارج کرنے کی استدعا کی تھی۔
یاسر شاہ نے ٹویٹ میں کہا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ، اہل خانہ اور فینز کی دعاؤں اور حمایت سے ان کے خلاف ہراسیت کا مقدمہ خارج کر دیا گیا ہے۔ یہ ان کے اعتماد کے بغیر ممکن نہ ہوتا۔ میں پاکستان کا نمائندہ ہوں، جو بھی مجھے بدنام کرنے کی کوشش کرے گا وہ دراصل ملک کو بدنام کر رہا ہے۔‘ 
’مجھے انتہائی صدمہ پہنچا تھا لیکن ذاتی انتقام میں پڑنے کے بجائے عدالت کے ذریعے حقائق سامنے لائے۔ صرف ملک دشمن ہی اپنے ذاتی مفادات کی بنیاد پر اس حد تک گر سکتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ وہ بدنام کرنے والوں کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کریں گے۔
 متاثرہ خاتون نے درخواست میں اعتراف کیا تھا کہ یاسر شاہ کا نام غلط بیانی کے باعث ایف آئی آر میں شامل ہوا تھا۔
درخواست میں مزید لکھا تھا کہ ’مقدمے میں جس فلیٹ کا ذکر کیا گیا وہ فلیٹ یاسر شاہ کا نہیں ہے اور جب اس معاملے پر میں نے یاسر شاہ سے رابطہ کیا تو وہ کافی پریشان ہوئے اور انہوں نے مجھے بتایا کہ میرا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے اور میں ملک سے باہر ہوں۔‘
درخواست کے متن کے مطابق ’فرحان (مبینہ دوست) نے صرف یاسر شاہ کا نام استعمال کیا تھا اور میں حقیقت معلوم ہونے پر یاسر شاہ کا نام ایف آئی آر سے خارج کرنے کی درخواست کرتی ہوں۔‘
اس حوالے سے ایف آئی آر کی ضمنی رپورٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔

شیئر: