کولمبو...پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش نے ہائی پرفارمنس ٹیم پاکستان بھیجنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جو ممکنہ طور پر رواں سال جولائی میں پاکستان کا دورہ کر کے میچز کھیلے گی۔شہریار خان اتوار کو سری لنکن کرکٹ کے سربراہ تھیلانگا سماتھی پالا اور بنگلہ دیش کرکٹ کے سربراہ نظم الحسن سے غیررسمی ملاقات کیلئے کولمبو گئے تھے جس میں ایشین کرکٹ کے معاملات پر غور کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہائی پرفارمنس ٹیم کے دورہ پاکستان کی تاریخوں کا ابھی تعین نہیں کیا گیا لیکن امید ہے کہ وہ جلد دورہ کرے گی۔ پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ بنگلہ دیش کی جانب سے ہائی پرفارمنس ٹیم پاکستان بھیجنا بڑی کامیابی ہے اور وہ ہماری ہائی پرفارمنس ٹیم سے یہاں میچز کھیلے گی۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش نے اپنی قومی ٹیم بھیجنے پر ابھی رضامندی ظاہر نہیں کی اب دونوں ملکوں کے درمیان سیریز بنگلہ دیش یا کسی تیسرے ملک میں کھیلی جائے گی جس پر دونوں فریقین نے رضامندی ظاہر کی ہے ایسا سری لنکا میں ممکنہ طور پر ہو سکتا ہے۔شہریار نے کہا کہ ابھی دبئی ہمارا نیوٹرل مقام ہے لیکن وہ بہت مہنگا ہے تو اگر وہ فارغ ہوئے تو شاید ہم سری لنکا میں کھیل لیں۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بنگلہ دیش نے سیکیورٹی کو بنیاد بنا کر پاکستان میں دو ٹی20 میچز کھیلنے کی پی سی بی کی پیشکش مسترد کر دی تھی۔