لاہور... دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہوگیا ۔ کیمپ کے ساتھ سلیکشن کمیٹی کا اجلاس بھی جاری ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق اپنی ساتھیوں کے ہمراہ کیمپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کپتان مصباح الحق اور کوچ مکی آرتھر سے مشاورت کے بعد اسکواڈ کا اعلا ن کریں گے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فاسٹ بولر محمد عباس کو ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں کھیلنے کا موقع دیا جاسکتا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کیلئے نوجوان کھلاڑیوں کے انتخاب کا ابتدائی تجربہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی کی شکل میں سامنے آگیا ۔ سلیکشن کمیٹی اب ٹیسٹ سیریز میںبھی نوجوان اور نئے کھلاڑیوں کو موقع دے سکتی ہے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین اسعد شفیق ، عثمان صلاح الدین ، یاسر شاہ ، راحت علی اور سہیل خان کی واپسی یقینی ہے۔ کپتان مصباح الحق ، سابق کپتان اور سینیئر بیٹسمین یونس خان کے علاوہ اظہر علی سمیع اسلم اور شان مسعود بھی اسکواڈ کا لازمی حصہ ہونگے۔ حسن علی کو بھی ٹیسٹ سیریز میں کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے ۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انہوں نے اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ شرجیل خان کی معطلی اور عمران خان کی متوقع طور پر عدم شمولیت نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کا سبب بن سکتی ہے۔ اوپنر احمد شہزاد کے حوالے سے بھی صورتحال غیر یقینی ہے ۔ لیگ اسپنر محمد عرفا ن کو بھی کیمپ میں طلب کیا گیاہے۔ سلیکشن کمیٹی ٹیسٹ ٹیم میں یاسر شاہ کے ساتھ مزید لیگ اسپنرز کو کھیلنے کا موقع دینے پر غور کررہی ہے۔