صومالیہ... صومالی بحری قزاقوں نے ہندوستان کا بڑا مال بردار جہاز مقامی ساحل کے قریب سے اغوا کرلیا۔ سرکاری اطلاعات کے مطابق قزاقوں نے جہاز کے عملے کے 11 ارکان کو یرغمال بھی بنالیا۔ قزاقی کا یہ واقعہ حال ہی میں پیش آنے والا دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ جہاز کو یرغمالیوں سے چھڑانے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ گزشتہ مہینے ان قزاقوں نے موغادیشو جانے والے ایک تیل بردار جہاز کو اغوا کرکے اس پر قبضہ کرلیا تھا مگر پھر اسے غیر مشروط طور پر چھوڑ دیا ۔ ہندوستانی مال بردار جہاز کا اغوا اس اعتبار سے بھی اہم ہے کہ 2012 ءکے بعد یہ صومالی ساحلی علاقے میں اغوا کا پہلا واقعہ ہے۔ اغوا کیلئے جہاز پر چڑھنے والے قزاقوں کا ابتدائی گروپ 5 افراد پر مشتمل تھا ۔ قبضے کے دوران کوئی تصادم نہیں ہو۔ ہندوستانی محکمہ جہاز رانی کے سینیئر عہدیدار اور صومالی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ جہاز پر حملہ بندرگاہی شہر ہوبیو سے 30 میل دور جنوب میں ہوا تھا ۔ واضح ہو کہ صومالیہ کے بحری قزاق بالعموم تاوان وصول کرنے کیلئے جہازوں کا اغوا کرتے ہیں۔ 2011ء میں ایسے واقعات روز کا معمول بن گئے جب 237 جہازوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ایسی وارداتیں کرنے والے قزاق اوسطاً سالانہ 8 ارب ڈالر کی خطیر رقم بطور تاون وصول کرتے ہیں مگر ان دنوں پورا صومالیہ سخت خشک سالی سے دوچار ہے اور بیروزگاری عام ہوچکی ہے۔