Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامہ اور محنت قوانین کی خلاف ورزیاں، ایک ہفتے میں 13 ہزار تارکین گرفتار

دراندازوں کو نقل وحمل اور قیام کی سہولتیں فراہم کی جا رہی تھیں( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی کے مختلف ریجنزمیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سرچ آپریشن کے دوران گزشتہ ہفتے کے دوران 13 ہزار سے زائد غیرقانونی تارکین کو حراست میں لیا گیا ہے۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ نے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ’ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ ٹیموں نے مملکت کے مختلف علاقوں سے 13 ہزار 279 غیر قانونی تارکین کو گرفتار کیا ہے‘۔ 
زیر حراست غیر ملکیوں میں سے 6 ہزار 712 کو اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے۔ 4 ہزار 789 غیر قانونی طور پر مملکت کے سرحد پار کرکے آئے تھے جبکہ ایک ہزار 778 غیر ملکیوں کو محنت قوانین کی خلاف ورزی پرحراست میں لیا گیا۔ 
سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں میں 55 فیصد یمنی ،42 فیصد ایتھوپیئن اور 3 فیصد کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔ 51 افراد کو غیر قانونی طورپرسعودی عرب کی سرحد پارکرتے ہوئے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ مملکت سے فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ٹیموں نے ایک ہفتے کے اندر 10 افراد کو گرفتار کیا جو دراندازوں کو نقل وحمل اور قیام کی سہولتیں فراہم کررہےتھے۔
 وزارت داخلہ نے انتباہ دیا ہے کہ ’قانون کے مطابق دراندازوں کو کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنے والے کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جاتی ہے‘۔ 
’ایسے افراد جوغیر ملکیوں کو سہولت فراہم کرتے ہیں خواہ وہ سعودی شہری ہوں یا غیرملکی بلا کسی استثنی انہیں جرم ثابت ہونے پر 15 برس تک قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانہ کیا جاتا ہے‘۔ 

شیئر: