Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سر میں کیل ٹھونکنے کا معاملہ، پولیس نے متاثرہ خاتون کے خاندان کا سراغ لگا لیا

سی سی پی او عباس احسن نے مبینہ جعلی پیر کی گرفتاری کی ہدایت دی۔ فوٹو: عباس احسن ٹوئٹر
پشاور میں خاتون کے سر میں کیل ٹھوکنے کے واقعے کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔ سٹی پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کے خاندان کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔
سٹی پولیس کے مطابق انکوائری ٹیم نے متاثرہ خاتون کے خاندان تک رسائی حاصل کرلی ہے۔ ہسپتال رسید میں متاثرہ خاتون کی انٹری باز گل کے نام سے ہوئی تھی۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق خاتون کے تین بچے ہیں جن میں دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے جن کی عمریں نو سال، تین سال اور دو سال ہیں۔
پولیس کے مطابق خاتون کا ہسپتال انٹری میں ایڈریس موجود نہیں ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون کسی رشتہ دار کے گھر میں موجود ہے جس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کے شوہر سے رابطہ کیا گیا جس پر انہوں نے بتایا کہ وہ شہر سے باہر گئے ہیں۔ پولیس نے خاتون کے شوہر کو واپس پشاور بلا لیا ہے۔
قبل ازیں پشاور  پولیس نے سی سی ٹی وی اور ہسپتال ریکارڈ کی مدد سے ابتدائی رپورٹ مرتب کر لی تھی۔
انکوائری کی ابتدائی رپورٹ میں پولیس نے متاثرہ خاتون کی شناخت کے لیے ہسپتال کے ساڑھے تین سو سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا تھا۔ 
سٹی پولیس ترجمان الیاس نے اردو نیوز کو بتایا تھا  کہ ہسپتال میں نصب کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لینے سے اس واقعے کے کئی پہلوسامنے آئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں سے معلوم ہوا ہے کہ متاثرہ خاتون چار فروری شام پانچ بجے ایک رکشے میں دو مرد اور دو خواتین کے ساتھ ہسپتال آئی تھیں۔ 
’ہسپتال کے کاؤنٹر سے پانچ بج کر 14 منٹ پر ایک نوجوان نے رسید حاصل کی اور ایمرجنسی وارڈ منتقل کر دیا۔ متاثرہ خاتون دو گھنٹے تک ہسپتال میں زیر علاج رہیں، جس کے بعد انہیں ڈسچارج کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق جس رکشے میں متاثرہ خاتون کو لایا گیا تھا اسے تلاش کرنے اور ڈرائیور سے تفتیش کے بعد واقعے سے متعلق مزید معلومات مل سکتی ہیں اور خاتون کا سراغ لگانے میں مدد مل سکتی ہے۔
سٹی پولیس ترجمان الیاس نے بتایا کہ پولیس انکوائری جاری ہے اور جلد ہی خاتون اور جعلی پیر تک رسائی ممکن ہو جائے گی۔ 
یاد رہے کہ چار فروری جمعے کی شام کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ایک خاتون کو بے ہوشی کی حالت میں لایا گیا تھا۔

متاثرہ خاتون کو بے ہوشی کی حالت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال لایا گیا تھا۔ فائل فوٹو اے ایف پی

متاثرہ خاتون تین بچوں کی ماں ہیں اور اس وقت بھی حاملہ تھیں جب انہیں ہسپتال داخل کیا گیا۔
 خاتون کے خاوند کا سخت مطالبہ تھا کہ اس مرتبہ ہر صورت میں بیٹا پیدا ہو ورنہ وہ انہیں گھر سے نکال دیں گے۔
اسی ڈر اور دباؤ کی وجہ سے خاتون جعلی پیر کے پاس گئیں اور ان کی فیس ادا کرنے کے لیے بھی کسی سے ادھار لیا۔ جعلی پیر نے بیٹے کی پیدائش کے لیے مختلف عمل کرنے کا کہا تھا جس میں ایک مخصوص وقت پر سر میں کیل ٹھونکنا بھی شامل تھا۔
متاثرہ خاتون نے پیر کے کہنے پر اور بیٹا پیدا ہونے کی خواہش میں اپنے سر میں کیل ٹھونک دی جس کے بعد ان کو ہسپتال لایا گیا تھا۔ 
اس واقعے کی کوئی رپورٹ پولیس تھانے میں درج نہیں ہوئی تھی لیکن سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل ہونے کے بعد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر عباس احسن نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی عتیق شاہ کو متاثرہ خاتون کی مدد سے جعلی پیر کا سراغ لگانے اور انہیں جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

شیئر: