Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اتر پردیش کے انتخابات میں پولنگ کا آغاز، بی جے پی جیت کے لیے پُرعزم

اتر پردیش میں بی جے پی کی قیادت سخت گیر ہندو مذہبی شخصیت یوگی ادتیا ناتھ کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو: روئٹرز
انڈیا کی سب سے گنجان آباد ریاست اتر پردیش میں جمعرات کو ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں پولنگ جاری ہے جہاں وزیراعظم نریندر مودی کے ہندو نیشنلسٹ ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں بے روزگاری، مہنگائی اور کورونا کی وبا جیسے مسائل کا سامنا ہے۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ریاست اتر پردیش انڈیا کی حالیہ معاشی بدحالی کے دوران سب سے زیادہ متاثر ہوئی جہاں 20 کروڑ سے زائد آبادی پر حکمران مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نئے انتخابات میں دوبارہ اکثریت حاصل کرنے کے لیے سرتوڑ کوشش کر رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ہندی بولنے والوں کی شمالی ریاست میں بڑی جیت بی جے پی کو سنہ 2024 میں ہونے والے قومی انتخابات کے لیے طاقت فراہم کرے گی جب یہ جماعت مسلسل تیسری بار نریندر مودی کی قیادت میں الیکشن لڑے گی۔
الیکشن سے پہلے کیے گئے رائے عامہ کے جائزوں اور سروے میں اس بات کے اشارے ملے ہیں کہ بی جے پی 403 ارکان کی اتر پردیش اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل کر کے دوبارہ اقتدار میں آئے گی اور اس کے ووٹوں کی شرح بھی بڑھے گی۔
سنہ 1985 کے بعد اب تک کسی جماعت کو ریاست میں اس طرح کی کامیابی نہیں ملی۔
ریاست اتر پردیش کی آبادی برازیل سے زیادہ ہے اور اس ریاست سے انڈیا کی پارلیمان کے ایوان زیریں (لوک سبھا) میں 80 ارکان نمائندگی کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ انڈیا کی پارلیمنٹ میں منتخب عوامی نمائندوں کی تعداد 543 ہے۔
اتر پردیش میں بی جے پی کی قیادت سخت گیر ہندو مذہبی شخصیت یوگی ادتیا ناتھ کر رہے ہیں جو اس وقت وزیراعلیٰ بھی ہیں۔

ریاست میں بی جے پی کے مدمقابل سماج وادی پارٹی ہے۔ فائل فوٹو: سکرین گریب

یوگی ادتیا ناتھ اپنی تقاریر کی وجہ سے حامیوں اور ناقدین میں یکساں زیربحث رہتے ہیں جو اکثر مذہبی جذبات ابھار کر اپنے ہندو ووٹرز کو خوش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ریاست میں ہندو ووٹرز 80 فیصد ہیں۔ 
ریاست میں بی جے پی کے مدمقابل بڑی حریف جماعت سماج وادی پارٹی ہے جس کی قیادت اکھلیش یادیو کر رہے ہیں جو وزیراعلیٰ یوگی ادتیا ناتھ کو بے روزگاری اور مہنگائی کی وجہ قرار دیتے ہیں۔
ریاست میں ووٹوں کی گنتی 10 مارچ سے شروع ہوگی جبکہ اس سے قبل پولنگ سات مرحلوں میں مکمل ہوگی۔

شیئر: