پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی تیسری شادی
جمعرات 10 فروری 2022 11:18
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
یہ تصویر ڈاکٹر عامر لیاقت نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے پوسٹ کی ہے۔ (تصویر: انسٹاگرام)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا کہنا ہے کہ انہوں نے سیدہ دانیہ شاہ نامی خاتون سے شادی کر لی ہے۔
جمعرات کو پی ٹی آئی کے رہنما نے ویریفائڈ انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اپنی اور سیدہ دانیہ شاہ کی ایک تصویر پوسٹ کی اور لکھا کہ گذشتہ رات انہوں نے 18 سالہ سیدہ دانیہ شاہ سے شادی کر لی ہے۔
ان کی انسٹاگرام پوسٹ کے مطابق سیدہ دانیہ شاہ کا تعلق پنجاب کے شہر لودھراں سے ہے اور وہ ایک سرائیکی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔
انہوں نے اپنے چاہنے والوں سے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔
واضح رہے بدھ کو ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی اہلیہ سیدہ طوبیٰ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔
انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں طوبیٰ کا کہنا تھا کہ ’بھاری دل کے ساتھ میں لوگوں سے اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلی کے حوالے سے آگاہ کرنا چاہتی ہوں۔ میرا خاندان اور قریبی دوست آگاہ ہیں کہ 14 ماہ کی علیحدگی کے بعد یہ بات ثابت ہوگئی تھی کہ مفاہمت کی کوئی امید باقی نہیں رہی، اس لیے مجھے عدالت سے خلع لینی پڑی۔‘
انہوں نے اپنے بیان میں علیحدگی اور خلع لینے کی وجوہات بیان نہیں کیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’یہ کتنا مشکل تھا اس کو لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہے لیکن میں اللہ اور ان کے منصوبوں پر بھروسہ ہے۔‘
انہوں نے کہا وہ لوگوں سے اپیل کرتی ہیں کہ وہ ان کے فیصلے کا احترام کریں۔
اس حوالے سے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی جانب سے اب تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما نے 2018 میں سیدہ طوبیٰ سے شادی کی تھی۔
سیدہ طوبیٰ سے ڈاکٹر عامر لیاقت کی دوسری شادی تھی۔ ان کی پہلی بیوی سیدہ بشریٰ اقبال نے دسمبر 2020 میں اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا تھا کہ ان کے سابقہ شوہر نے طلاق دے دی تھی۔
انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈاکٹر عامر لیاقت نے انہیں طلاق طوبیٰ کے کہنے پر ایک فون کال پر دی تھی۔