شاہ سلمان امدادی مہم ، پاکستان میں 40تعلیمی منصوبوں کی منظوری
ریاض .... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان میں 40ایجوکیشنل منصوبوں کے قیام کی منظوری دیدی۔ خادم حرمین شریفین امدادی مہم پاکستان کے ریجنل ڈائریکٹر خالدعثمانی نے سعودی خبررساں ایجنسی سے گفتگو میں کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف ممالک میں مقیم مستحق اور ضرورت مند لوگوں کی امداد میں ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔ اس ضمن میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں قدرتی آفات سے متاثر ہونے والوں کی امداد اور داد رسی کیلئے مختلف منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ جن میں سرفہرست 40تعلیمی منصوبوں کا قیام ہے۔ اس ضمن میں امداد مہم کی سربراہی شہزادہ محمد بن نایف کرینگے۔ ڈاکٹر خالد عثمانی نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تعلیمی منصوبے پنجاب اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں شروع کئے جائیں گے جن میں اسکولوں اور ایجوکیشنل سینٹر کا قیام شامل ہے۔ ان منصوبوں پر 30ملین ریال لاگت آئیگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ برسوں میں آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں قدرتی آفات سے ہونے والی تباہی کے نتیجے میں دسیوں تعلیمی ادارے مکمل طور پر تباہ ہوگئے تھے۔ جس کا اثر طلباءپر پڑ رہا ہے۔ ان منصوبوں کے قیام سے مستحق طلباءکو تعلیم کیلئے بہتر ماحول ملے گا۔ شاہ سلمان امدادی منصوبوں کے تحت اسکولوں کی تعمیر اور ان میں ضروری اشیاءجن میں فرنیچر اور بلیک بورڈ کی فراہمی بین الاقوامی معیار کے مطابق کی جائیگی تاکہ طلباءکو بہتر انداز میں تعلیمی سہولتیں میسر ہوں۔ درسگاہوں میں کمپیوٹر لیب، لیباریٹریز اور لائبریریاں بھی قائم کی جائیں گی۔ ڈاکٹر عثمانی نے مزید بتایا کہ پرائمری، سیکنڈری اور ثانوی تعلیمی ادارے قائم کئے جائیں گے۔ ان کے علاوہ ٹیکنیکل کالجز بھی اس مہم کا حصہ ہیں۔ دریں اثناء پنجاب ریجن ڈیرہ غازی خان کے ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد یاسین چشتی نے شاہ سلمان کی جانب سے فراہم کی جانے والی اس امدادی مہم کو سراہتے ہوئے اسے مستحسن اقدام قرار دیا۔ چشتی کا کہناتھا کہ ہم خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن نایف بن عبدالعزیز آل سعود کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے مثالی تعلیمی منصوبے کی منظوری د ی جس سے متاثرہ علاقوں میں معیاری اسکول قائم کئے جاسکیں گے جہاں عصر حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے طلبا ءکو معیاری تعلیم فراہم کی جائیگی۔ چشتی نے مزید کہاکہ جب بھی پاکستان کو کوئی مشکل پیش آتی ہے سعودی عرب ہمیشہ ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے مابین جو مثالی برادرانہ تعلقات قائم ہیں اس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہاہے۔پاکستانی عوام بھی اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ حرمین شریفین کا دفاع اور ترقی ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔