Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لندن: الطاف حسین دہشت گردی پراکسانے اور نفرت انگیز تقریر کے الزامات سے بری

لندن کی ایک عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کو دہشت گردی پر اکسانے اور نفرت انگیز تقریر کے الزامات سے بری کر دیا ہے۔
امریکی اخبار بلومبرگ نیوز کے مطابق جیوری نے فیصلہ کثرت رائے سے کیا۔
بانی متحدہ کو دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے دو الزامات کا سامنا تھا، دونوں الزامات 22 اگست 2016 کو کی جانے والی دو تقاریر سے متعلق تھے۔
استعاثہ کے مطابق الطاف حسین نے بھوک ہڑتال پر بیٹھے پارٹی کارکنوں کو تین ٹیلی ویژن چینلز پر حملے اور رینجرز کے ہیڈکوارٹر کو دھاوا بولنے  کا کہا تھا۔ تقریر کے بعد کارکنوں نے ایک ٹی وی چینل کے دفتر پر دھاوا بول کر توڑ پھوڑ بھی کی تھی۔
کراؤن پراسیکیوشن سروس نے بانی متحدہ کے خلاف ٹیررازم ایکٹ 2006 کی سیکشن 1 (2) کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
بانی متحدہ عدالت میں جیوری کے سامنے گواہی کیلئے پیش نہیں ہوئے تھے، جج نے جیوری پر واضح کردیا تھا کہ گواہی نہ دینے کا مطلب جرم تسلیم کرنا نہیں، فیصلہ شہادتوں پر کیا جائے۔

شیئر: