ربع الخالی میں گرم چشمے کی تصویر وائرل، خاص کیا ہے؟
ربع الخالی میں گرم چشمے کی تصویر وائرل، خاص کیا ہے؟
بدھ 16 فروری 2022 5:25
یہ چشمہ نئے عمان روڈ پر واقع ہے۔ (فوٹو: العربیہ)
عرب سیاح ناصر الوہبی نے سعودی عرب کے وسیع و عریض صحرا الربع الخالی میں تیزابی چشمے (گرم چشمے) کی تصویر فضا سے لے کر سوشل میڈیا پر شیئر کی، جو وائرل ہوگئی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق الربع الخالی میں ’عین سبخہ الحمر’ کے مقام پر قدرتی تیزاب کا چشمہ تصویر میں بڑا دلکش نظر آ رہا ہے۔ اس کے اطراف مخصوص گھاس اگی ہے جو جھیلوں کے اطراف خاص قسم کی مٹی میں اگتی ہے۔
یہ گھاس شمالی افریقہ سے لے کر استوائی افریقہ تک کےعلاقے میں پیدا ہوتی ہے۔ جزیرہ نمائے عرب، مشرق وسطی اور جنوب مغربی ایشیا میں یہ پائی جاتی ہے۔ یہ 90 سینٹی میٹر سے لے کر 1.2 میٹر تک ہوتی ہے اور ڈیڑھ میٹر کے دائرے میں جگہ بنا لیتی ہے۔
عرب سیاح ناصر الوھبی نے بتایا کہ سبخہ الحمر مقام کی فضا سے تصویر لی جہاں چٹانوں سے گرم تیزابی چشمہ ابلتا ہوا نظر آ رہا تھا۔ چشمے سے نکلنے والے پانی کا درجہ حرارت 47 سینٹی گریڈ ہے۔ یہ چشمہ زیادہ پرانا نہیں، 25 برس پہلے ہی نمودار ہوا ہے۔
یہ علاقہ جزیرہ نمائے عرب کا سب سے نشیبی علاقہ مانا جاتا ہے۔ سطح سمندر سے 24 میٹر نیچے ہے اس کا رقبہ 160 مربع کلو میٹر ہے۔
ناصرالوہبی نے بتایا کہ یہ چشمہ نئے عمان روڈ پر واقع ہے جس کا باقاعدہ افتتاح سات دسمبر2021 کو کیا گیا تھا۔
چشمہ عمان روڈ سے تقریباً آٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اکثر لوگ گرم چشمے میں غسل کے لیے یہاں آتے ہیں۔ عام طور پر گرم چشمے کا پانی جلدی امراض میں مبتلا افراد کے لیے مفید ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ سبخہ الحمر مملکت کے مشرق میں البطحا بری سرحدی چیک پوسٹ کے جنوب میں 40 کلومیٹر دور واقع ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں