لندن .... ایک زمانہ تھا جب بہت سے خاندانوں میں افراد خانہ کے علاج کیلئے فیملی ڈاکٹرز کی آمد ورفت رہتی تھی۔ مگر وقت جیسے جیسے تیز تر ہوتا گیا یہ سلسلہ بھی کم ہوگیا ۔ اب ایک عرصے بعد مقامی پرائیویٹ کمپنیوں نے روایتی فیملی ڈاکٹر کاسلسلہ بحال کردیا ہے۔ اس سلسلے میں سردست دو پرائیویٹ کمپنیاں سامنے آئی ہیں جن کے ڈاکٹرز گھروں اور دفاتر میں جاکر مریضوں کا معائنہ کرسکیں گے ۔ انکی خدمات صبح 8سے رات 11بجے تک دستیاب ہونگی۔ معائنے کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ 35منٹ تک کا ہوگا۔ بہت سے لوگوںنے اس نئی سروس کی تعریف کی ہے مگر کچھ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ ایک خطرناک عمل بھی ہوسکتا ہے کیونکہ اس طرح گھر وں اور دفتر وں میںجاکر مریضوں کا معائنہ کرنا مناسب نہیں کیونکہ ان ڈاکٹروں کے پاس متعلقہ مریض کے بارے میں معلومات نہیں ہونگی اور انہیں مریض کی سابقہ بیماریوں کا کچھ پتہ نہیں چل سکے گا کیونکہ ریکارڈ نہیں ہوگا۔