Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگنا رناوت کی تنقید پر عالیہ بھٹ کا ’بھگوت گیتا سے جواب‘

کنگنا رناوت نے کہا تھا کہ ’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘ کا سب سے بڑا مسئلہ اس کی کاسٹ کا غلط انتخاب ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
بالی وڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے انہیں اور ان کی فلم ’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘ کو حال ہی میں تنقید کا نشانہ بنانے والی اداکارہ کنگنا رناوت کو جواب دیا ہے۔
انڈین اخبار ہندوسٹان ٹائمز کے مطابق کولکتہ میں ایک حالیہ پروموشنل تقریب میں،عالیہ نے بھگوت گیتا کے ایک اقتباس سے اپنا ردعمل دیا۔
عالیہ بھٹ کی فلم ’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘ جمعے کو ریلیز ہونے والی ہے۔
وہ حال ہی میں ’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘ کے ایک نئے گانے ’میری جان‘ کو لانچ کرنے کے لیے کولکتہ میں موجود تھیں۔
انڈین خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق کنگنا کے تبصرے کا جواب دیتے ہوئے عالیہ نے کہا کہ ’بھگوان کرشن نے گیتا میں کہا تھا کہ بے عملی ایک عمل ہے۔ میں بس یہ ہی کہنا چاہوں گی۔‘
خیال رہے کہ کنگنا رناوت نے اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کہا تھا کہ ’اس جمعے کو باکس آفس پر ایک پاپا (مووی مافیا ڈیڈی) کی پری (جو برطانوی پاسپورٹ رکھنا پسند کرتی ہے) کے لیے 200 کروڑ روپے جل کر راکھ ہو جائیں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’کیونکہ پاپا یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ روم کوم (رومانوی کامیڈی میں کام کرنے والی) بمبو (یہ نوجوان بیوقوف لڑکی) اداکاری کرسکتی ہے۔‘
’اس فلم کا سب سے بڑا مسئلہ اس کی کاسٹ کا غلط انتخاب ہے۔۔۔ یہ نہیں سدھریں گے۔ کوئی تعجب نہیں کہ سکرینز جنوبی اور ہالی وڈ کی فلموں کی طرف جارہی ہیں۔ جب تک مووی مافیا کے پاس طاقت ہے، تباہی بالی وڈ کا مقدر ہے۔‘

’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘ حسین زیدی کی کتاب ’مافیا کوئیز آف ممبئی‘ پر بنائی گئی ہے (فوٹو: یوٹیوب)

کنگنا رناوت پچھلے کئی سالوں سے عوامی سطح پر عالیہ بھٹ کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں لیکن انہوں نے ہمیشہ ان کی باتوں کا جواب دینے سے گریز کیا ہے۔
واضح رہے کہ ’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘ ریلیز سے پہلے ہی تنازعات کا شکار ہو گئی ہے کیونکہ گنگو بائی کے خاندان نے اس پر عدالت سے حکم امتناع حاصل کر لیا ہے۔
یہ فلم حسین زیدی کی کتاب ’مافیا کوئیز آف ممبئی‘ پر بنائی گئی ہے، اسے سنجے لیلا بنسالی نے ڈائریکٹ کیا ہے۔

شیئر: