Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلمان فروعی اختلافات میں نہ پڑیں ، امام کعبہ شیخ صالح

نوشہرہ ----- امام کعبہ شیخ صالح بن ابراہیم نے کہا ہے کہ اسلام امن و محبت کا دین ہے ۔ تمام مسلمان فرد واحد ہیں اور فلاح کا راستہ قرآن پاک اور اسوہ رسول اﷲ ؐ کی پیروی میں ہے۔ مسلمانوں کو چاہئے کہ فروعی اختلافات میں نہ پڑیں ۔ امت میں کبھی انتشار پیدا نہیں کرنا چاہئے بلکہ علمائے کرام امت میں اتحاد کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں تاکہ اﷲ تعالیٰ کا دین غالب رہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کے روز نوشہرہ میں جمعیت علماء اسلام ( ف) کے صد سالہ اجتماع سے اپنے خطاب میں کیا ۔ امام کعبہ نے کہا کہ اس امت کو اﷲ تعالیٰ نے بہترین امت اور مسلمانوں کو بہترین قوم بنایا ہے تمام مسلمان فرد واحد اور آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ اﷲ تعالیٰ کی وحدانیت پر یقین ہمارے ایمان کا بنیادی جزو ہے ۔ اﷲ تعالیٰ کے نزدیک سب سے بڑا مقام اس کا ہے جن میں تقویٰ زیادہ ہو اور وہ پرہیز گار ہو۔ جو لوگ تقویٰ چھوڑ کر فرقہ واریت پھیلاتے ہیں وہ کبھی فلاح نہیں پا سکتے ۔ انسانیت کی فلاح اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے میں پوشیدہ ہے اور علمائے کرام اسلام کی تعلیمات کے امین ہیں جن کو چاہئے کہ اسلام کی تعلیمات امت تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔قرآنی تعلیم ہے کہ اﷲ پاک کی رسی کو مضبوطی سے پکڑو اور فرقہ واریت میں نہ پڑو ۔ امت میں کبھی بھی انتشار پیدا نہیں کرنا چاہئے اور مسلمانوں کو چاہئے کہ فروعی اختلافات میں نہ پڑیں جنہوں نے اﷲ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑا انہوں نے فلاح پائی جو فروعی اختلافات میں پڑے وہ نقصان اٹھانے والے ہیں ۔

شیئر: