مہوش حیات’چھونے کی کوشش‘ ناکام پر شکرگزار
پیر 7 مارچ 2022 19:56
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
مہوش حیات نے خود کو چھونے کی کوشش ناکام بنانے والے کا شکریہ ادا کیا ہے (فوٹو: انسٹاگرام، مہوش حیات)
پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کو ایک تقریب میں مداح کی جانب سے چھونے کی کوشش کی گئی۔ اس کوشش کو ان کے عقب میں موجود ایک شخص کے ناکام بنانے پر مہوش حیات نے جہاں شکریہ ادا کیا وہیں فینز کے ’اتنی آزادی لینے‘ پر حیرانی کا اظہار بھی کیا۔
دورہ امریکہ پر موجود مہوش حیات کی ایک تقریب کی ویڈیو سوشل ٹائم لائنز پر شیئر کی گئی ہے جس میں وہ دو افراد کے ساتھ تصویر بنواتی ہیں۔ اس دوران ایک فرد ان کی کمر پر ہاتھ رکھنے کی کوشش کرتا ہے، تاہم عقب میں موجود فرد انہیں ایسا کرنے سے روک دیتے ہیں۔
ویڈیو دیکھنے والوں نے معاملے پر تبصرے میں جہاں اداکارہ کو چھونے کی کوشش پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا وہیں ویڈیو میں دکھائی دینے والے ایک اور خاتون کے ردعمل کو بھی نظرانداز نہ کر سکے۔
مہوش حیات کو چھونے کی کوشش ناکام ہوئی تو اس پر ان کا ایک تبصرہ بھی ٹائم لائنز پر شیئر کیا گیا جس میں اداکارہ ریحان صدیقی کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔
مہوش حیات سے منسوب تبصرے میں لکھا گیا ہے کہ ’حیران ہوں کہ فینز بعض اوقات فنکاروں کے معاملے میں کیسے اتنی آزادی لینے کا سوچ لیتے ہیں۔ اس معاملے سے لاعلم تھی لیکن ریحان صدیقی میرا خیال رکھنے پر آپ کا شکریہ۔ لوگوں کو آپ سے سیکھنا چاہیے کہ حقیقی مرد کیا ہوتا ہے۔‘
مہوش حیات کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر تبصرے کرنے والوں کے مطابق اداکارہ کے ساتھ یہ واقعہ ہیوسٹن، ٹیکساس میں اس وقت پیش آیا جب وہ وہاں ایک تقریب میں شریک تھیں اور وہاں موجود دیگر مہمانوں کے ساتھ تصاویر بنوا رہی تھیں۔