عرفان خان کے ساتھ رابطے میں نہ رہنے پر افسوس ہے: صبا قمر
صبا قمر کا کہنا ہے کہ ’میں شوٹنگ میں مصروف رہی ور عرفان خان سے بات نہ کرسکی‘ (فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا)
دو برس قبل کینسر کے باعث انتقال کرنے والے انڈین اداکار عرفان خان کے ساتھ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں کام کرنے والی پاکستانی اداکارہ صبا قمر کو افسوس ہے کہ وہ ان کے ساتھ آخری دنوں میں بات نہیں کر سکیں۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق 2017 میں عرفان خان کے ساتھ اس فلم میں کام کرنے کے بعد صا قمر نے کسی اور انڈین فلم میں کام نہیں کیا، کیونکہ پاکستان اور انٖڈیا کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے اور پاکستانی اداکاروں پر انڈیا میں غیراعلانیہ پابندی لگ گئی۔
’پنک ولا‘ کے ساتھ بات کرتے ہوئے صبا قمر نے عرفان خان کے ساتھ سیٹ پر کام کو یاد کیا اور افسوس ظاہر کیا کہ وہ کینسر کی وجہ سے انتقال سے قبل ان کے ساتھ بات نہیں کرسکیں۔
’میں پچھتاتی ہوں۔ فلم مکمل ہونے کے بعد جب ان کی حالت خراب ہوئی تو میں سوچتی رہی کہ ان سے بات کروں، لیکن میں شوٹنگ میں مصروف رہی اور سفر میں رہی اور بات نہ کرسکی۔‘
صبا قمر نے کہا کہ ’جب میں نے عرفان خان کے انتقال کی خبر سنی تو میں ہل کر رہ گئی۔ اس دن میں نے سوچا کہ بندے کو وقت پر کام کرنا چاہیے کیونکہ گیا وقت پھر نہیں آتا۔‘
’اگر آپ کسی سے معذرت کرنا چاہتے ہیں، یا اپنے پیار کا اظہار کرنا چاہتے ہیں تو کردیں کیونکہ یہ وقت دوبارہ نہیں آئے گا۔ تو مجھے اس بات کا افسوس ہے کہ کاش میں نے ان کے ساتھ بات کرلی ہوتی اور رابطے میں رہتی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وہ بہت عمدہ اداکار تھے۔ ان کے ساتھ کام کرکے مزہ آگیا۔‘
صبا قمر جلد انڈین سکرین پر ’زندگی‘ اور ویب سیریز ’مسز اینڈ مسٹر شمیم‘ میں نمودار ہونے والی ہیں۔