Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت خواتین کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے: سروے رپورٹ

91 فیصد سعودی خواتین نے سرکاری اداروں پر اطمینان کا اظہارکیا(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں 91 فیصد خواتین کا کہنا ہے کہ حکومتی ادارے خواتین کو روزگارو دیگرسہولتیں فراہم کرنے کےلیے مثالی اقدامات کررہے ہیں۔ 
شاہ عبدالعزیز قومی مکالمہ مرکز کی جانب سے جاری شدہ جائزے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 90 فیصد سعودی خواتین کا تاثر یہ ہے کہ گزشتہ 5 برسوں کے دوران سعودی خواتین کی حیثیت پہلے سے کافی بہتر ہوئی ہے۔
91 فیصد نے اس احساس کا اظہار کیا ہے کہ سرکاری ادارے خواتین کو ملک و قوم کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے عمل میں حصہ لینے کا حوصلہ دے رہے ہیں۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق شاہ عبدالعزیز قومی مکالمہ مرکز کے جائزے میں شامل 85 فیصد خواتین کا کہنا ہے کہ آنے والے5 برسوں کے دوران ان کی حیثیت مزید بہتر ہوگی۔ 
قومی مکالمہ مرکز کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبداللہ الفوزان نے کہا ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران سعودی معاشرے میں خواتین کے مسائل سے دلچسپی بڑھی ہے۔
 مملکت کے ترقیاتی عمل میں خواتین کی شراکت میں اضافہ ہوا ہے۔ قیادت سعودی وژن 2030 میں مقررہ اہداف کے مطابق خواتین کی سرپرستی کررہی ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری قیادت خواتین کی قدرو قیمت کو تسلیم کرتی ہے اور انہیں آگے آنے کا حوصلہ دے رہی ہے۔ 
الفوزان نے کہا کہ جائزے میں شامل 86 فیصد خواتین کا احساس ہے کہ وطن عزیز معاشرے میں خواتین کے کردار کی اہمیت تسلیم کررہا ہے۔ اس کا اظہار اس بات سے ہورہا ہے کہ سماج کے تمام اہم ادارے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

79 فیصد خواتین کا کہنا ہے کہ حکومت مناسب رہائش فراہم کرنے کےلیے کوشاں ہے(فوٹو: ٹوئٹر)

 89 فیصد خواتین نے کہا ہے کہ حکومت صحت خدمات سے متعلق ان کی ضروریات پوری کررہی ہے۔ یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ مملکت میں ہر شہری کو مفت صحت نگہداشت کی سہولت مہیا ہے۔ 
91 فیصد سعودی خواتین نے اعتراف کیا ہے کہ سعودی حکومت تعلیمی مواقع کے حوالے سے ان کی ضروریات احسن طریقے سے پوری کررہی ہے۔ یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ مملکت میں ہر شہری کو مفت تعلیم کا استحقاق ملا ہوا ہے۔ 
79 فیصد خواتین کہتی ہیں کہ حکومت انہیں مناسب رہائش دلانے کے لیے کوشاں ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ قومی مکان سکیم مؤثر ہے اور اس کا فائدہ خاص طور پر سعودی خواتین کو ہو رہا ہے۔ 

شیئر: