سماجی فاصلے کے بغیر پہلی نماز جمعہ، سمندری عجائب گھر،مکہ میں نئی بس سروس کے علاوہ گزشتہ ہفتہ کی تصویری جھلکیاں
سماجی فاصلے کے بغیر پہلی نماز جمعہ، سمندری عجائب گھر،مکہ میں نئی بس سروس کے علاوہ گزشتہ ہفتہ کی تصویری جھلکیاں
14 مارچ ، 2022
دو سال بعد حرمین شریفین سمیت مملکت کی مساجد میں سماجی فاصلے کے بغیر پہلی نماز جمعہ:سعودی عرب میں کورونا وائرس کے حوالے سے 2 برس سے عائد متعدد پابندیوں کے خاتمے کے بعد پہلی نماز جمعہ سماجی فاصلے کے بغیر ادا کی گئی۔ حرمین شریفین کے علاوہ مملکت کی تمام مساجد میں مکمل گنجائش کے ساتھ نمازیوں نے صفوں کی پابندی کے ساتھ نماز باجماعت ادا کی۔
عربی رسم الخط نمائش کا افتتاح کیا گیا:جبیل میں عربی رسم الخط نمائش کا افتتاح کیا گیا ۔ اس کا اہتمام یہاں تجریدی آرٹ کی سعودی انجمن ’جسفت‘ نے بلدیاتی کونسل کے تعاون سے امیر متعب بن عبدالعزیز ہال میں کیا گیا ہے۔
نمائش میں سعودی عرب، مصر، عراق اور سپین کے 19 آرٹسٹ اپنے 35 فن پارے پیش کررہے ہیں۔ ان میں سنگ تراشی کا بھی کام ہے اور لوحیں بھی ہیں۔
جزیرہ فرسان میں سمندری عجائب گھر قائم:سعودی شہری زیلعی الزیلعی نے جازان ریجن کے جزیرے فرسان میں سمندری عجائب گھر قائم کیا ہے۔ مچھلیاں، مینڈک، کچھوے اور دیگر سمندری مخلوقات اس عجائب گھر کا حصہ ہیں۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا عجائب گھر ہے جس میں سمندری مخلوقات کو حنوط کرکے رکھا گیا ہے۔
ریاض سیزن : موسم بہارکو نئے انداز سے خوش آمدید:ریاض سیزن موسم بہار کے دوران وزیٹروں کو نئے انداز سے خوش آمدید کرنے کی تیاری کر رہا ہے ۔
شہر کی دیواروں کو سجانے کےلیے آرٹسٹ کی خدمات:حائل میونسپلٹی نے شہر کی دیواروں کو سجانے کےلیے مختلف آرٹسٹ کی خدمات حاصل کی ہیں۔
عالمی دفاعی نمائش کے اختتام پر ایئر شوسعودی دارالحکومت ریاض میں عالمی دفاعی نمائش کے اختتام پر سعودی طیاروں نے شاندار ایئر شو پیش کیا ہے۔سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے جنگی طیاروں نے بھی اس موقع پر کرتب دکھائے۔
مکہ میں نئی بس سروس سے 25 ہزار زائرین کو سفرکی سہولت:سعودی عرب مکہ مکرمہ کے الرصیفہ محلے میں حرمین ایکسپریس ٹرین سٹیشن سے مسجد الحرام کے صحنوں کے قریب واقع جبل عمر پروجیکٹ بس سٹینڈ تک نئی بس سروس نے اب تک 25 ہزار سے زیادہ افراد کو سفر کی سہولت فراہم کی ہے اس کا آغاز 15 فروری کو کیا گیا تھا۔