بھوپال ۔۔۔۔بھوپال سے 331کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ضلع چترپور میں ایک نومولود بچی کا دل جسم سے باہر دھڑک رہا ہے۔ اس کے پریشان والد علاج کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھاتے پھر رہے ہیں۔ طبی ماہرین نے بتایا کہ یہ واقعہ ہر 10لاکھ بچوں میں سے صرف8کو پیش آتا ہے۔بچی کے والد سیکیورٹی گارڈ ہیںاور ان کا کہنا ہے کہ یہ بچی 5اپریل کو پیدا ہوئی تو پتہ چلا کہ اس کا دل جسم سے باہر ہے۔ڈاکٹروں نے ہمیں ضلعی اسپتال ریفرکردیا لیکن کچھ بھی نہیں ہوا۔وہاں ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ علاج کیلئے ہمیں دوسرے شہر جانا ہوگا۔ علاج مہنگا ہے جس پر 25سے 30لاکھ روپے خرچ ہوگا۔ میرے بوڑھے والد اسی پریشانی میں بیمار ہوگئے۔ اگلے دن ضلعی اسپتال کی طرف سے کال ملی انہوں نے کہا کہ اس کا علاج گوالیار میں ممکن ہے۔ہم نے بچی کو گوالیار میں ایک اسپتال میں داخل کرادیا۔میں غریب ہونے کے باعث اتنا مہنگا علاج برداشت نہیں کرسکتا۔بعد میں اس بچی کو بھوپال میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں داخل کرادیا گیا۔اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ ہم اس خاندان کی مدد کرینگے۔