Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اب سڑکوں پر بیٹھ کر کام کرینگے، کیجریوال

نئی دہلی۔۔۔۔وزیر اعلیٰ دہلی اروند کیجریوال نے لیفٹیننٹ گورنر کی طرف سے عام آدمی پارٹی کے دفتر کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کے فیصلے کی مذمت کی اور کہا کہ اگر ہمارا دفتر واپس لے لیا گیا تب بھی ہم سڑکوں پر بیٹھ کر کام کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی میری جماعت کو ختم کرنا چاہتی ہے کیونکہ یہ عام آدمی کی لڑائی لڑرہی ہے جب ہم نے اعلان کیا کہ ہاؤس ٹیکس ختم کردینگے اور ایم سی بی سے کانگریس اور بی جے پی کے کونسلروں کی بدعنوانی کا مکمل خاتمہ کردینگے تو بی جے پی پریشان ہوگئی۔اسی لئے وہ روزانہ ہی ہمارے خلاف بے بنیادالزام لگا رہی ہے اور اب انہوں نے ہمارا دفتر بھی چھین لیا ہے۔جمعہ کو گورنر نے پی ڈبلیو ڈی کے سیکریٹری کو ہدایت کی تھی کہ وہ ایک رہائشی بنگلے کو عام آدمی پارٹی کیلئے الاٹ کرنے کی مدت میں توسیع نہیں کرسکتے اسلئے الاٹمنٹ منسوخ کیاجائے۔کیجریوال نے کہا کہ کانگریس کے پاس 4رہائشی عمارتوں میں دفاتر ہیں حالانکہ دہلی میں اس کا کوئی ایم ایل اے کامیاب نہیں ہوا ۔ بی جے پی کے دہلی میں صرف 3ایم ایل اے ہیں جبکہ ان کے پاس 7دفاتر ہیں۔راشٹریہ جنتا دل اور بہوجن سماج پارٹی کے بھی دہلی میں دفاتر ہیں لیکن دہلی کی حکمراں جماعت آپ پارٹی جس کے ایم ایل اے کی تعداد 70ہے اسے دفتر سے محروم کیا جارہا ہے۔

شیئر: