سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان او آئی سی وزرائے خارجہ کی کونسل کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’مسلمان ممالک کو افغانستان میں امن اور سکیورٹی کے لیے کام کرنا چاہیے۔‘
سعودی وزیرخارجہ نے او آئی سی کانفرنس کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کو اسلامو فوبیا کے خلاف کاوشوں پر مبارک باد، اس سلسلے میں مزید کاوشوں کی ضرورت ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’سعودی عرب، افغانستان میں امن و سلامتی کے لیے اسلامی ممالک کی کوششوں کی توثیق کرتا ہے اور افغانستان کے عوام کی مدد کے لیے مزید کوششوں کا مطالبہ کرتا ہے تاکہ لوگ موجودہ المناک صورتِ حال سے باہر نکل سکیں‘
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’امید ہے کہ افغانستان کی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہوگی اور افغان لوگ مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کریں گے۔‘
انہوں نے افغانستان میں انسانی حقوق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’افغانستان میں خواتین اور بچوں کے حقوق کی پاسداری ہونی چاہیے۔‘
مزید پڑھیں
-
سعودی وزیر خارجہ اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقاتNode ID: 654901
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’افغانستان میں انسانی امداد کے لیے دسمبر میں بلایا گیا اجلاس کامیاب رہا، جس سے افغانستان میں انسانی امداد فراہم کرنے میں مدد ملی، افغانستان کے بہتر مستقبل پر مزید مدد کی ضرورت ہے۔‘
سعودی وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب فلسطین کے مسئلے کے حل اور قیامِ امن کی تمام عالمی کوششوں کی توثیق کرتا ہے۔ ہم مسئلے کے حل کے لیے فریقین کے درمیان براہِ راست مذاکرات کی طرف واپسی کی حمایت کرتے ہیں۔‘
شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب فلسطینی عوام کے حقوق اور فلسطین میں قیامِ امن، فلسطینی مسئلے کے حل اور بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق ایک آزادانہ فلسطینی ریاست کے قیام کی کوششوں کی توثیق کرتا ہے۔‘
’مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’سعودی عرب مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔‘
خطے میں حوثیوں باغیوں کی جارحیت کے متعلق سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’حوثی باغیوں کی جانب سے جنگی کوششوں کو بڑھانا خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے، اسلامی ممالک سے گزارش ہے کہ وہ حوثیوں پر دباؤ بڑھائیں تاکہ میری ٹائم سکیورٹی کو بہتر کیا جا سکے۔ سعودی عرب یمن میں انسانی امداد جاری رکھے گا۔‘
سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان پاکستان میں ہونے والے آو آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے سنیچر کی شام اسلام آباد پہنچے۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ طاہر اشرفی نے سعودی وزیرخارجہ کا استقبال کیا۔
واضح رہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کی وزرائے خارجہ کونسل کا 48 واں دو روزہ اجلاس آج پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں جاری ہے۔
پاکستان کی پارلیمنٹ کی عمارت میں ہونے والے دو روزہ اجلاس کا موضوع ’اتحاد، انصاف اور ترقی کے لیے شراکت داری‘ ہے۔