سعودی عرب میں سپریم کورٹ نے مملکت میں تمام افراد سے جمعہ یکم اپریل 29 شعبان 1443ھ کی شام رمضان کا چاند دیکھنے کی اپیل کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجسنی ایس پی اے کے مطابق سپریم کورٹ نے بیان میں کہا کہ ’جمعہ یکم اپریل کو ام القریٰ کیلنڈر کے لحاظ سے شعبان کی 29 تاریخ ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’رمضان کا چاند نظر آنے کی صورت میں قریبی عدالت میں پہنچ کر شہادت قلمبند کرائی جائے۔ چاند انسانی آنکھ اور دوربین کی مدد سے بھی دیکھا جا سکتا ہے، جیسے بھی نظر آئے بیان قلمبند کرایا جائے‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کے تمام علاقوں میں رویت ہلال کمیٹیاں قائم ہیں۔ اسی کے ساتھ تمام مسلمانوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ بھی چاند دیکھنے میں حصہ لیں اور جسے چاند نظر آجائے وہ گواہی ریکارڈ کرائے۔