Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایرانی پاسدارن انقلاب کی قطر کے دفاعی شو میں شرکت، امریکہ کی مذمت

امریکہ نے ایران کو میری ٹائم کے لیے خطرہ قرار دیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
ایران کی فوج پاسداران انقلاب کی قطر میں ہونے والے دفاعی شو میں شرکت پر خطے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق قطر میں ہونے والی ڈیفنس نمائش میں پاسداران انقلاب کی جانب سے میزائل کے ماڈلز اور دیگر ہتھیاروں کی نمائش کی گئی جبکہ ایرانی کمانڈر نے اپنے بوتھ میں ملاقاتیں بھی کیں، جہاں ایک بہت بڑا پوسٹر لگایا گیا تھا جس پر ایک کشتی کی تصویر بنی تھی جس میں کمانڈوز بیٹھے تھے۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے جمعرات کو کہا کہ ’ہم میری ٹائم نمائش میں ایران کی موجودگی کو مسترد کرتے ہیں۔ ایران پورے خلیجی خطے میں میری ٹائم کے استحکام کے لیے خطرہ ہے۔‘
دوسری جانب قطر کے سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ پاسداران انقلاب کو دوحہ میں ہونے والی تین روزہ نمائش کے لیے دعوت نہیں دی گئی تھی۔
ترجمان کے مطابق ’ایونٹ میں شرکت اور پویلین کا انتظام ایران کی وزارت خارجہ کی جانب سے کیا گیا تھا جبکہ پاسداران انقلاب کو دعوت نہیں دی گئی تھی۔‘
ایونٹ کے دوران ایرانی وفد کے ارکان امریکی بیڑے کے پاس سے گزرے اور اطالوی بکتر بند گاڑی کی تصویریں بنائیں اور ترکش مشین گنوں کا جائزہ بھی لیا۔
قطر میں ہونے والی دفاعی نمائش نے اسلحہ ساز بین الاقوامی کمپنیوں کی توجہ حاصل کی ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس سے خلیجی ریاستوں کو  فوجی صلاحیتوں کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔
ایران کے بوتھ کے ساتھ بنے امریکی کے بوتھ میں اسلحہ ساز کمپنی جنرل ایٹومکس کا ایم کیو نائن ڈرون موجود تھا، جو فضائی نگرانی کے استعال ہوتا ہے جس میں میری ٹائم کی نگرانی بھی شامل ہے۔
امریکی وزارت خارجہ نے کمپنی کو اختیار دیا ہے کہ وہ 18 ڈرون متحدہ عرب امارات کو تین ارب ڈالر میں فروخت کر سکتی ہے۔
ایران کے سپریم لیڈر کو براہ راست جوابدہ پاسداران انقلاب نے پراکسی جنگوں کے ذریعے اپنا دائرہ بہت بڑھایا ہے جس میں یمن میں حوثیوں کی کارروائیاں بھی شامل ہیں۔ جنہوں نے گزشتہ ہفتے سعودی عرب کے تیل کے ذخائر پر حملے کیے گئے تھے۔

شیئر: