Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرینی صدر کی قطر اور دیگر ممالک سے تیل و گیس کی پیداوار بڑھانے کی اپیل

یوکرینی صدر نے کہا کہ ’قطر یورپ کی صورتحال کو مستحکم کرنے میں حصہ ڈال سکتا ہے۔‘ (فوٹو اے پی)
یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلینسکی نے سنیچر کو تیل اور گیس سے مالا مال ممالک سے اپیل کی کہ وہ روس پر پابندیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی تیل و گیس کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اپنی پیداوار بڑھائیں۔
امریکی نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق یوکرینی صدر نے یہ بات قطر کے دوحہ فورم میں ایک ویڈیو بیان میں کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ذمہ دار ممالک، خاص طور پر قطر، آپ انرجی کے قابل بھروسہ اور اچھی شہرت رکھنے والے سپلائرز ہیں۔ آپ یورپ کی صورتحال کو مستحکم کرنے میں حصہ ڈال سکتے ہیں۔ انصاف کی بحالی کے لیے اور بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’روسی فوج یوکرین میں بارودی سرنگیں بچھاتی ہے۔ زرعی مشینری کو تباہ کرتی ہے۔ زراعت کےلیے تیل کے ذخائر تباہ کرتی ہے۔ انہوں نے ہماری بندرگاہیں بلاک کر دی ہیں۔ وہ یہ سب کیوں کر رہے ہیں۔‘
ولودیمیر زیلینسکی کا کہنا تھا کہ ’ہمارے ملک کے پاس کافی خوراک ہے، لیکن یوکرین سے برآمدات کی بندش سے بہت سے اسلامی ممالک، لاطینی امریکہ اور دنیا کے دیگر ملک متاثر ہوں گے۔‘
یوکرین سے گندم کی برآمدات بند ہونے سے مشرق وسطیٰ میں مصر جیسے ملک کو پریشانی ہوئی جن کا انحصار برآمدات پر ہے۔
ولودیمیر زیلینسکی نے جمعے کو مصر کے صدر سے ٹیلیفون پر بات کی جو روسی صدر ولادیمیر پوتن کے اتحادی ہیں۔
قطر انرجی کے سی ای او سعد شیریدا القابی نے کہا کہ قطر ’فوری طور پر‘ یورپ میں زیادہ گیس نہیں بھیج سکا۔

شیئر: