ریاض - - - - - - وزیر مالیات محمد الجدعان نے کہا ہے کہ سعودی کمپنیوں اور شہریوں پر آمدنی ٹیکس عائد نہیں کیاجائے گا۔سال 2020 تک 5فیصد سے اضافی سرچارج بھی عائد نہیں ہو گا ۔ وہ مشرقی ریجن میں ایوان صنعت و تجارت کی جانب سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے جس میں مقامی صنعت کاروں اور تاجروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اس موقع پر وزیر تجارت اور سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ القصبی بھی موجود تھے ۔ الجدعان نے اپنے خطاب میں مزید کہا مملکت کا ویژن 2030 کا ہدف حاصل کرنے کیلئے ہمیں ٹھوس بنیادوں پر کام کرتے ہوئے نجی سیکٹر کو مزید ترقی دینا ہو گی تاکہ مقررہ اہداف آسانی سے حاصل کئے جاسکیں۔ہمیں پیٹرول کے علاوہ دیگر ذرائع آمدنی میں اضافہ کرنے کیلئے مزید منصوبوں پر توجہ مبذول کرنا چاہئے ۔ نجی سیکٹر میں ہمیں 8.5 فیصد سالانہ کے حساب سے اضافہ کرنا چاہئے تاکہ متبادل ذرائع میں مقررہ ہدف حاصل کیاجاسکے ۔ نجی سیکٹر میں ہمیں سالانہ 1.6 ٹریلین ریال کے حساب سے اضافہ کرنا ہو گا ۔ ہمارے سامنے مستقبل کی منصوبہ بندی ہے جسے مدنظر رکھتے ہوئے ہم اپنے مقررہ ہدف کی جانب آسانی سے بڑھ سکتے ہیں ۔ نجی سیکٹر میں مزید بہتری لانے کے لئے ٹھوس اور جامع منصوبہ بندی پر عمل کرنا چاہئے ۔ وزیر مالیات نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے 2015-16 میں نئی مالیاتی اور معاشی پالیسی کا اعلان کیا گیا جس میں عالمی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے نمایاں تبدیلیاں کی گئی جن میں بعض اشیاء کی قیمتوں اور حکومتی اداروں کی فیسوں پر نظرثانی کی گئی ۔محکمہ کسٹم کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے الجدعان نے کہا کہ کسٹم کے قوانین میں کافی ترمیم کی جا چکی ہے جس سے تاجروں کو کافی سہولت ہوئی اب کسٹم کارروائی جلد مکمل ہو جاتی ہے ۔ محکمہ کسٹم کی کارروائی کو محدود اورتیز تر بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو لوگوں نے بے حد سراہا ماضی میں جہاں درآمد کی کاغذی کارروائی مکمل کرنے کیلئے 12 قسم کی دستاویزات درکار ہوتی تھی اب انہیں کم کر کے 4 تک کر دیا گیا ہے ۔ایکسپورٹ کیلئے درکار دستاویزات کی تعداد بھی 9 سے کم کرکے 3 کر دی گئی ہیں جس سے درآمد اور برآمدکنندگان کو کافی سہولت ہو تی ہے اور انکے معاملات جلد نمٹائے جاسکتے ہیں اسکے علاوہ مارکیٹ میں مال بھی جلد پہنچ جاتا ہے جس کے کافی مثبت اثرات ملکی معیشت پر مرتب ہو رہے ہیں ۔ وزیر مالیات نے مزید کہا کہ 2017 کا بجٹ پیش کرنے سے قبل مقامی اور بین الاقوامی معاشی و اقتصادی حالات کا مکمل طور پر جائزہ لیا گیا تھا ۔
مقامی کمپنیوں اور شہریوں پر آمدنی ٹیکس عائد نہیں کیا جائیگا، وزیر خزانہ
منگل 11 اپریل 2017 3:00