پیغام اسلام کانفرنس انتہا پسندی کے خاتمے کا ذریعہ ہوگی، طاہر اشرفی
پیغام اسلام کانفرنس میں سعودی عرب ، ترکی ، مصر اورشام کے وفود شریک ہوں گے
اسلام آباد:پیغام اسلام کانفرنس انتہا پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے عملی جدوجہد کا آغاز اور فکری اتحاد کے قیام کا ذریعہ ہو گی۔ انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے مختلف کمیٹیوں کے سر براہان جلدرپورٹ پیش کریں گے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اسلام آباداور راوالپنڈی کے علماء و مشائخ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کی جدوجہد اسلام کے حقیقی پیغام کو دنیا تک پہنچانے کیلئے ہے ۔ پاکستان علماء کونسل نے ہمیشہ انتہا پسند اور دہشت گرد نظریات کے خلاف جدوجہد کی ہے ۔ امام حرم کعبہ کا پاکستان علماء کونسل کے دفتر آنا ، پاکستان علماء کونسل کی جدوجہد پر اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیغام اسلام کانفرنس میں سعودی عرب ، ترکی ، مصر ، شام اور دیگر اسلامی ممالک کے وفود شریک ہوں گے ۔ کانفرنس میں ملک بھر سے ہزاروں علماء شریک ہوں گے ۔ اس موقع پر مولانا عبدالحمید صابری ، مولانا طاہر اعقیل اعوان ، مولانا نائب خان ، مولانا اسعد زکریا ، مولانا ادریس قاسمی ، قاری ممتاز ربانی ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا شہباز احمد فاروقی ، مولانا حفیظ الرحمن ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا عبد الصبور نے بھی خطاب کیا۔