کنگ فیصل ایوارڈ، 7 سربرآوردہ شخصیات کو نوازا گیا
’امسال 7 سربرآوردہ شخصیات کو انسانیت کی خدمت اورنمایاں کارنامے انجام دینے پر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے‘ (فوٹو: واس)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سرپرستی اور گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل کی موجودگی میں گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر بن عبد العزیز نے کنگ فیصل ایوارڈ برائے 2022 کی تقسیم کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کنگ فیصل ایوارڈ کی تقریب ریاض میں ہوئی جس میں شہزادہ ترکی الفیصل، شہزادہ فیصل بن عبد العزیز بن فیصل اور دیگر اہم افراد نے بھی شرکت کی۔
کنگ فیصل ایوارڈ کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر عبد العزیز السبیل نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ’امسال 7 سربرآوردہ شخصیات کو انسانیت کی خدمت اورنمایاں کارنامے انجام دینے پر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔‘
واضح رہے کہ اسلام کی خدمت کا ایوارڈ تنزانیا کے سابق صدر علی حسن موینی اور پروفیسر حسن محمود الشافعی کو دیا گیا۔
عربی لغت اور ادب کا ایوارڈ پروفیسر سوزان ستیتکیفتش اور پروفیسر محسن موسوی کو دیا گیا۔
میڈیکل کا ایوارڈ پروفیسر دیویڈلو، سائنس کا ایوارڈ پروفیسر مارٹن ہائیر اور پروفیسر نادر المصمودی کو دیا گیا ہے۔