رمضان میں گھریلو ملازماوں کی طلب اور تنخواہ میں غیر معمولی اضافہ
خادمہ کی ماہانہ تنخواہ 6500 ریال پیشگی طلب کی جارہی ہے(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں رمضان کی آمد کے ساتھ ہی مختلف شہروں میں گھریلو ملازماوں کے طلب میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق حائل ریجن میں کنٹریکٹ پرخادمائیں فراہم کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے ایک خادمہ کی ماہانہ تنخواہ 6500 ریال پیشگی طلب کی جارہی ہے۔
خادمائیں فراہم کرنے والی کمپنیوں کی شرط ہوتی ہے کہ ماہانہ اجرت پرفراہم کی جانے والی خادمہ کا کام اگرپسند نہ آئے تو تین دن کے اندر اس کے بارے میں رپورٹ کرنے پرخادمہ کو تبدیل کیا جاتا ہے بصورت دیگر ادا کی گئی تنخواہ واپس نہیں کی جاتی۔
خادماوں کی فراہمی کا سلسلہ غیرقانونی طریقے سے بھی جاری ہے جس کےلیے مڈل مین کا کردار ادا کرنے والی خواتین ایجنٹس بھی رمضان کی آمد کے ساتھ ہی فعال ہوگئی ہیں۔
خادماوں کی طلب میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے ایجنٹ خواتین کی جانب سے منہ مانگی رقم طلب کی جارہی ہے۔ سوشل میڈیا پربھی اس قسم کے اشتہارات وائرل ہورہے ہیں جن میں خادمہ دستیاب ہے کے عنوان سے رابطہ کرنے کوکہا جاتا ہے۔
واضح رہے رمضان سے قبل خادماوں کی ماہانہ تنخواہ 12 سو سے 2 ہزار ریال مقرر تھی اس میں اب غیر معمولی طور پراضافہ ہوگیاہے۔