Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب سے آنے والی فیملی کو اسلام آباد میں دن دیہاڑے لُوٹ لیا گیا

متاثرہ فیملی ایئر پورٹ سے آ رہی تھی جب گاڑی نے پیچھا کرنا شروع کیا۔ فائل فوٹو اے ایف پی
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سری نگر ہائی وے پر خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرنے والے افراد نے سعودی عرب سے آنے والی ایک فیملی کو لوٹ لیا۔
اسلام آباد کے تھانہ کراچی کمپنی میں درج ایف آئی آر کے مطابق جمعرات کی شام تقریباً پانچ بج کر بیس منٹ پر ایئرپورٹ سے آنے والی ایک فیملی کو سری نگر ہائی وے پر ایک کار نے ہوٹر بجایا اور گاڑی روکنے کا کہا۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ’گاڑی میں بیٹھے افراد نے ہوٹر دیا جنہوں نے ہاتھ میں وائر لیس پکڑا ہوا تھا۔ ہماری گاڑی سائیڈ پہ لگائی اور ہمیں کہا کہ سرکاری ملازم ہیں ہم نے تلاشی لینی ہے جس پر انہوں نے باری باری ہماری تلاش لی۔‘
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ پرس میں موجود 300 سے 350 سعودی ریال، 25 ہزار روپے، سونے کا کڑا، ایک سیٹ، بالیاں اور ایک انگھوٹی بھی نکال لی۔
متاثرہ شخص محمد خطیب نے اردو نیوز کو بتایا کہ وہ اپنے کزن اور ان کی اہلیہ کو ایئرپورٹ سے واپس لا رہے تھے جب راستے میں یہ واقعہ پیش آیا۔
انہوں نے بتایا کہ سلور رنگ کی ایک ہونڈا کار ان کا پیچھا کرتی ہوئی آئی اور پھر اشارہ کر کے  گاڑی روکنے کا کہا۔
محمد خطیب نے بتایا کہ گاڑی میں دو افراد سوار تھے جنہوں نے خاکی رنگ کی شلوار قمیض اور کالی واسکٹ پہنی ہوئی تھی اور وائرلیس سیٹ پکڑا ہو تھا جس میں سے باتوں کی آواز بھی آرہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ’ملزمان نے خود کو سرکاری ملازم کے طور پر متعارف کروایا اور چیکنگ کروانے کا کہا۔‘
تلاشی لینے کے بعد ملزمان نے لیڈیز بیگ مانگا جو فیملی نے دینے سے انکار کردیا جس پر انہوں نے زبردستی کرتے ہوئے خاتون سے چھینا اور گاڑی میں لے گئے۔
’گاڑی میں بیگ کی تلاشی لی اور پھر ہمیں واپس کر دیا۔ ہمیں گھر آ کر پتا چلا کہ انہوں نے بیگ میں سے سونا اور پیسے نکال لیے ہیں۔‘
محمد خطیب کے مطابق ڈرائیور کی عمر تیس سے پینتیس جبکہ دوسرے شخص کی پچاس کے قریب تھی اور دونوں پشتو میں بات کر رہے تھے۔

شیئر: