جدہ - - - - - - ساتھیوں کے ساتھ ملکر اغوا برائے تاوان کا ڈرامہ کرنے والے لبنانی کواسکے گروہ کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا ۔ مکہ مکرمہ ر یجن کے پولیس ترجمان کرنل عاطی القرشی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس کے ہنگامی امدادی سینٹر 911 پر ایک خاتون کی کال موصول ہوئی جس میں کہا گیا تھا کہ اسکے گھر ڈاکو گھس آئے ہیں جن کے پاس ہتھیار بھی ہیں ۔ ڈاکوئوں نے اسکے شوہر کو بند کر دیا ہے اور انکا کہنا ہے کہ انکے پاس دھماکہ خیز مواد ہے ۔ خاتون کا کہنا تھا کہ اغوا کاروں نے اس سے 10 لاکھ ریال طلب کئے ہیں اگر وہ انہیں ادا نہ کئے گئے تو وہ اسکے شوہر کو قتل کرکے گھر کودھماکہ سے اڑا دیں گے ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کا خصوصی اسکواڈ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا جنہوں نے انتہائی مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے اغوا کاروں کو اس طرح گرفتار کیا کہ وہ گھروالوں کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچا سکے ۔ ملزمان نے جائے واردات سے فرار ہونے کی کوشش کی مگر پولیس کے جوانوں نے انکی کوشش ناکام بنا دی ۔ ملزمان میں ایک ایشیائی جبکہ دوسرے کا تعلق عرب ملک سے ہے ۔ کرنل عاطی القرشی کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ خاتون جو کہ معروف سعودی سرمایہ کا ر کی بیٹی تھی کے غیر ملکی شوہر جس کا تعلق النبانی سے ہے نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر اغوا برائے تاوان کا ڈرامہ رچایا مگر وہ اپنے اس منصوبے میں کامیاب نہ ہو سکے ۔ ملزمان نے پولیس کو حقیقت حال بتاتے ہوئے کہا کہ انکا سرغنہ گھر کا سربراہ خود تھا جس نے ڈرامہ ڈرافٹ کیا جبکہ انہیں صرف کرداروں میں رنگ بھرنے کیلئے بلایا گیا تھا ۔ لوٹے جانے والے 10 لاکھ ریال تینوں میں تقسیم کئے جانے تھے ۔ دریں اثناء سبق نیوز نے اس حوالے سے مزید تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاتون کی عمر 34 برس تھی جبکہ اسکا شوہر 39 برس کا ہے ۔ ملزم نے اغوا کا ڈرامہ 3 ہفتے قبل اپنے ساتھیوں جن میں ایک ایشیائی اور دوسرا فلسطینی تھا ۔ ملزمان نے پستول ، چھری ، خنجر اور دیگر اسی طرح کا اسلحہ جمع کیا انہوں نے خودکش دھماکہ کی شکل کی جعلی بیلٹ بھی اپنے ساتھ رکھی تھی تاکہ اسے دکھا کر خاتون کو ڈرایا جاسکے ۔ شوہر نے اپنے ساتھیوں کو گھر کی تمام تفصیلات سے آگاہ کر دیا تھا ۔ ملزمان نے جب خاتون سے رقم کا مطالبہ کیا تو اس نے انتہائی عقلمندی کا ثبوت دیتے ہوئے یہ ظاہر کیا کہ اسے رقم کا بندوبست کرنے کیلئے اپنے والد سے رابطہ کرنا ہو گا ۔ خاتون نے رقم کا بندوبست کرنے کے بہانے 911 کو ٹیلی فون کرتے ہوئے اس طرح ظاہر کیا کہ وہ اپنے والد سے بات کر رہی ہے ۔
اغوا برائے تاوان کا ڈرامہ کرنیوالا شوہر گرفتار
بدھ 12 اپریل 2017 3:00
