حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے ہر طرح کی قربانی دیں گے، پیغام اسلام کانفرنس
جمعرات 13 اپریل 2017 3:00
اسلام آباد میں دو روزہ پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام کانفرنس میں علمائ اور مشائخ کی شرکت، مشترکہ اعلامیہ جاری
اسلام آباد(پ ر )پاکستان علماء کونسل کے زیراہتمام دوسری پیغام اسلام کانفرنس میں مقررین نے پاکستان کی اسلامی عسکری اتحاد میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے اعلان کیاہے کہ وہ ارض حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ اقوام متحدہ دوہرا معیار ختم کرتے ہوئے عراق ،شام،یمن،فلسطین اورکشمیر میں مظالم بند اور مسئلہ فلسطین وکشمیر کو حل کروائے۔ بشار الاسد کی شامی عوام پر کیمائی حملہ قابل مذمت ہے ۔عالمی دنیا بشار الاسد کی حکومت ختم کرائے جبکہ ایران عرب ممالک سے محاذآرائی کی بجائے تمام امور مفاہمت سے حل کرے۔ گزشتہ روز کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہونے والی دوسری پیغام اسلام کانفرنس دونشستوں پر مشتمل تھی۔ کانفرنس میں 5 ہزار سے زائد علماء و مشائخ نے شرکت کی۔ پہلی نشست کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے اوردوسری نشست کی صدارت آزادکشمیر کے صدرسردارمسعود خان نے کی تھی جبکہ مقررین میں سعودی عرب سے شیخ طلال ،شیخ راشد الزاہرانی ،ترکی کے صدر طیب اردگان کے نمائندے اشفاق،لبنان کے نمائندے ابراہیم،مصر کے نمائندے علی، انٹرنیشنل مجلس تحفظ ختم نبوت کے امیر ڈاکٹر سعید عنائیت اللہ ،جمعیت علماء اسلام (ف)کے رہنما حافظ حسین احمد ،جمعیت اہلحدیث کے سربراہ علامہ ابتسام الہی ظہیر،ممتاز عالم دین مولانا الیاس گھمن ، پیر عزیز الرحمن ہزاروی اورمولانا عبدالحفظ مکی کے صاحبزادے عبدالرؤف ملک شامل تھے ۔کانفرنس میں شرکاء نے کھڑے ہوکر حلف اٹھایا کہ ہم اللہ کے گھراور مسجد رسول کی حفاظت کریں گے۔ اس موقع پر شام کے علماء کا پیغام بھی پڑھ کر سنایاگیاجس میں انکا کہناتھاکہ شامی صدر بشارالاسد ظلم کے پہاڑ گرارہاہے۔ پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ ہم اللہ کی توحید ،ناموس رسالت ،اصحاب رسول ،حرمین شریفین اورپاکستان کے دفاع کیلئے ایک ہیں ۔ آزادکشمیر کے صدرسردارمسعود خان کاکہناتھاکہ کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ اس لئے حل نہیں ہورہاکیونکہ اقوام متحدہ اورمغربی ممالک دوہرا معیار اپنائے ہوئے ہیں ۔ سعودی عرب کے نمائندے الشیخ طلال کاکہناتھاکہ سعودی عرب وپاکستان ایک ہی ملک ہیں۔ ہمارا دشمن بھی ایک ہے۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے امیر ڈاکٹر سعید عنایت اللہ کاکہناتھاکہ علماء دین نبی اکرم کے وارث ہیں۔ جمعیت علماء اسلام (ف)کے رہنما حافظ حسین احمد نے کامیاب پیغام اسلام کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اگر ضرورت پڑی تو ہم ابابیل کی طرح حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے پہنچ جائیں گے۔ جمعیت اہلحدیث کے سربراہ علامہ ابتسام الہی ظہیر کاکہناتھاکہ پاکستان کے مسائل شوشل ازم ،جاگیردارانہ نظام اور جمہوریت سے نہیں بلکہ خلافت راشدہ کے نظام کے نفاذ سے ہی حل ہوںگے۔ مولانا الیاس گھمن کاکہناتھاکہ ہمارے اکابرین نے پاکستان بنایا تھا اور ہم ہی اسے بچائیں گے ۔پیر عزیز الرحمن ہزاروی کاکہناتھاکہ جنرل راحیل شریف کا اسلامی فوج کا سربراہ بننا پاکستان کیلئے قابل فخرہے ۔ مولانا عبدالحفظ مکی کے صاحبزادے عبدالرؤف روفی کاکہناتھاکہ تحفظ حرمین میں حصہ ڈالنا ہمارے لئے سعادت اورقیامت کے دن نجات کا ذریعہ ہے۔ مرکزی سیکرٹری فنانس مولانا اسد اللہ فاروق ،علماء کونسل سندھ کے صدر مولانا اسد زکریا،مولانا انوار الحق مجاہد ،مولانا شفیع قاسمی ،عبدالقدوس گجر ،عمر عثمانی ،قاری ادریس قاسمی اورطلبہ کونسل کے صدرمفتی شہباز عالم فاروقی کاکہناتھاکہ آج کی کانفرنس امت مسلمہ کو پیغام دے رہی ہے کہ اسلام کا بول بالا ہونے والا ہے۔ پیغام اسلام کانفرنس کے دوسرے حصے میں چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی کی جانب سے 9نکات پر مشتمل مشترکہ اعلامیہ جاری کیاگیاجسکی شرکاء کانفرنس نے متفقہ طور پر منظوری دی ۔مشترکہ اعلامیہ کے پہلے نکتہ میں کہاگیاکہ یہ کانفرنس ہر قسم کی دہشت گردی اورفرقہ وارنہ تشدد کو مسترد کرتی ہے۔ یہ کانفرنس پاکستان کی عالمی اسلامی عسکری اتحاد میں شمولیت کا خیر مقدم کرتی ہے اورجنرل راحیل شریف کی تعیناتی کو پاکستان پر عالم اسلام کا اعتماد سمجھتی ہے۔ ارض حرمین شریفین کے دفاع کو ایمان کا حصہ سمجھتی ہے اورکسی بھی قوت کو ارض حرمین شریفین کے امن وسلامتی سے کھیلنے کی کسی بھی سازش کو برداشت نہیں کرئے گی ۔ عراق، شام ،یمن ،فلسطین اورکشمیر میں ہونے والے مظالم کی بھر پورمذمت کرتی ہے۔اسلامی سربراہ کانفرنس اوراقوام متحدہ سے فوری طورپر ان مظالم کو بندکروانے اورکشمیر اورفلسطین کی عوام کی آزادی کا مطالبہ کرتی ہے۔شام میں امن کیلئے بشارالاسد کی حکومت کے خاتمے کا مطالبہ کرتی ہے۔ بشارالاسد کی حکومت کی طرف سے شام کی عوام پر کیمائی حملہ کی بھرپورمذمت کرتی ہے اورعالمی دنیا سے مطالبہ کرتی ہے کہ شام کی عوام کی رائے کے مطابق بشارالاسد کی حکومت کو فی الفور ہٹایاجائے۔ انتہاپسندی ،دہشت گردی کے خلاف آپریشن ردالفساد کی مکمل تائیدوحمایت کرتی ہے ۔ یہ کانفرنس سوشل میڈیا پر رسول اکرم کی شان عالی میں گستاخی کی سازش کی بھر پورمذمت کرتی ہے۔ کانفرنس یمن ،شام،عراق اور دیگر عرب واسلامی ممالک میں بیرونی مداخلتوں کی بھر پورمذمت کرتی ہے ۔کانفرنس حجاج کرام اورزائرین کیلئے سعودی عرب کی حکومت کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔