Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام آنے والے زائر بچوں کے لیے نئی سہولت کیا ہے؟

حرم آنے والے بچوں میں آگہی پیدا کی جارہی ہے۔ (فوٹو حرمین انتظامیہ)
حرمین شریفین  انتظامیہ نے مسجد الحرام آنے والے زائر بچوں کے لیے بھی سہولتوں کا اہتمام کیا ہے۔ 
حرمین انتظامیہ کی ویب سائٹ کے مطابق سیکریٹری سربراہ برائے سماجی و رضاکارانہ خدمات انجینیئر امجد الحازمی نے بتایا کہ مسجد الحرام میں اژدحام کے باعث عام طور پر بچے اپنے عزیز و اقارب سے جدا ہوجاتے ہیں۔ اسی طرح عربی نہ جاننے والے زائرین کبھی کبھار راستہ بھول جاتے ہیں۔
ان سب کو ان کی رہائش تک پہنچانے کے لیے ان سے پتہ دریافت کرنا ہوتا ہے لیکن عربی نہ جاننے یا بچے ہونے کی وجہ سے وہ اپنی بات نہیں سمجھا پاتے۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایک جانب تو زائرین کے لیے رہنما کڑوں کا انتظام کیا گیا اور دوسری جانب بچوں اور عربی نہ جاننے والے زائرین کے لیے ’رہنما علامتوں‘ کا بندوبست کیا گیا ہے۔ اس کی حیثیت ایک گائیڈ بک جیسی ہے۔ جس پر مختلف علامتیں دیکھ کر بچہ یا زائر اپنی بابت یا اپنی رہائش کے حوالے سے معلومات دے سکتا ہے۔ 

زائر بچوں کے ادارے کے انچارج فہد الحتیرشی نے بتایا کہ زائر بچوں کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔ انہیں رہنما علامتوں کے علاوہ ہاتھ میں کڑے  کی سہولت بھی دی جارہی ہے جس پر بچے کے سرپرست کا موبائل نمبر درج ہوتا ہے۔ گمشدگی کی صورت میں موبائل نمبر پر رابطہ کرکے بچے کو ان کے سرپرستوں کے حوالے کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔  

یہ ایک طرح سے گائیڈ بک ہے۔ (فوٹو حرمین انتظامیہ)

زائر بچوں کے عزیز و اقارب نے مذکورہ دونوں سہولتوں کی فراہمی پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس زائر بچوں کی رہنمائی اور سہولت میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے ہی دونوں سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔
اس حوالے سے حرم شریف آنے والے بچوں میں آگہی پیدا کی جارہی ہے انہیں اس بارے میں معلومات دی جارہی ہیں۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: