’سعودی عرب آزمائش کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ‘، سعودی سفیر کی سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات
سعودی سفیر نے کہا کہ ان کی حکومت اور عوام پاکستانیوں کو اپنے دل کے قریب رکھتے ہیں۔ فوٹو: قومی اسمبلی ٹوئٹر
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق یہ ملاقات پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوئی جس میں قومی اسمبلی کے سپیکر نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی سدا بہار دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سعودی عرب بے لوث دوست ہے جو آزمائش کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں برادر ممالک کے مابین دہائیوں پر محیط اس دوستی میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔
قومی اسمبلی کے سپیکر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات پائے جاتے ہیں اور دونوں ممالک نے بین الاقوامی اور علاقائی فورمز پر ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مذہب، تاریخ اور ثقافت کے بندھنوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ سپیکر نے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب مشکل گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
انہوں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے سپیکر کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ سعودی عرب اور پاکستان کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت اور عوام پاکستانیوں کو اپنے دل کے قریب رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی ضرورت پڑی سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور رہے گا۔ انہوں نے دونوں قانون ساز اداروں کے درمیان پارلیمانی رابطوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا اور اپنی ہر ممکن حمایت کا یقین دلایا۔