Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی کراچی میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

سعودی عرب نے کراچی یونیورسٹی کے چائنیر انسٹی ٹیوٹ کے قریب ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
 سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی حمایت کا اعادہ اور مملکت کی جانب سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی(ایس پی اے) کے مطابق بیان میں سعودی عرب کی جانب اس نوع کے مجرمانہ اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ تمام مذاہب کے اصولوں اور انسانی اقدار کے برعکس ہیں۔
سعودی وزرات خارجہ نے اس حملے کے متاثرین، ان کے خاندانوں، حکومت پاکستان اور اس کے عوام سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔
واضح رہے کہ منگل کو کراچی یونیورسٹی کے کفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے قریب ایک خاتون کی جانب سے خودکش حملے میں تین چینی اساتذہ سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
پاکستان میں ایک علیحدگی پسند گروپ نے اس حملے کے اگلے ہی روز ملک میں موجود چینی اہداف پر مزید مہلک حملوں کی دھمکی دی تھی۔
دوسری جانب چین کے وزیر خارجہ نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ چینی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنائے اور اس معاملے کی مکمل تحقیقات کرے۔
وزارت خارجہ نے چینی شہریوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیرضروری طور پر باہر نہ جائیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں بھی اسی طرح کا ایک خودکش دھماکہ ہوا تھا۔ یہ دھماکہ ایک لگژری ہوٹل کے سامنے ہوا تھا جہاں چینی سفیر ٹھہرے ہوئے تھے۔
کوئٹہ میں ہوئے حملے میں چینی سفیر محفوظ رہے اور اس کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کی تھی۔

شیئر: