پاکستانی کرکٹر محمد رضوان انگلینڈ پہنچ کر بولر بھی بن گئے؟
پیر 2 مئی 2022 19:10
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
میچ کے دوران محمد رضوان نے وکٹ کیپنگ کے ساتھ ساتھ بولنگ بھی کی (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستانی کرکٹر محمد رضوان جس بھی ٹیم کی جانب سے کھیل رہے ہوں ان کی بیٹنگ اور وکٹوں کے پیچھے کارکردگی کی وجہ سے وہ زبان زدعام رہتے ہیں، تاہم اس مرتبہ انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ میں محمد رضوان اپنی بولنگ کی وجہ سے بھی گفتگو کا موضوع ہیں۔
سسیکس کاؤنٹی کرکٹ کلب کی جانب سے کھیلتے ہوئے محمد رضوان نے سنیچر کو بولنگ کی تو ان کا پہلا اوور خصوصی طور پر توجہ کا مرکز رہا۔
اپنے پہلے اوور میں محمد رضوان کوئی وکٹ تو حاصل نہ کرسکے البتہ اپنی نپی تلی بولنگ کی وجہ سے انہوں نے بلے باز کو کھل کر کھیلنے بھی نہ دیا۔
کرکٹ فینز نے محمد رضوان کی نئی جاب کو سراہا تو کئی ایسے بھی تھے جو ان کے انداز کو دیکھ کر دیگر بولرز سے اس کی شباہت سے متعلق اندازے قائم کرتے رہے۔
سلیمان اقبال نے لکھا کہ ان کا انداز شاہد نذیر جیسا دکھائی دے رہا ہے۔
کچھ دیگر افراد نے بھی اس خیال سے اتفاق کیا تو ماضی میں آسٹریلیا میں ہونے والی سہ ملکی سیریز میں شاہد نذیر کی بولنگ کو یاد کرتے رہے۔
دیگر بولرز کے انداز سے محمد رضوان کا تقابل شروع ہوا تو کچھ شائقین کرکٹ نے خیال پیش کیا کہ رضوان نسیم شاہ کے بولنگ ایکشن سے متاثر ہیں۔
محمد رضوان نے پہلی مرتبہ بولنگ کی ہے؟ ان کی بولنگ کی رفتار کیا رہی؟ انگلش وکٹوں پر محمد رضوان کی گیند میں باؤنس کیوں نہیں ہے؟ جیسے سوالوں کے درمیان کچھ ٹویپس نے تصدیق کی کہ یہ پہلا موقع نہیں بلکہ پاکستانی کرکٹر ماضی میں بھی بولنگ کرچکے ہیں۔
وکٹ کیپنگ، ٹیم کی قیادت اور عمدہ بیٹنگ کے ساتھ محمد رضوان کو بولنگ کرتے دیکھنے پر شائقین کرکٹ نے انہیں ’متعدد صلاحیتیں رکھنے والا کنگ‘ قرار دے ڈالا۔
کچھ صارفین کو محمد رضوان کی بولنگ پر تعجب ہوا تو انہوں نے پوچھا کہ وہ تو وکٹ کیپر ہیں پھر بولنگ کا کیا چکر، جس کے جواب میں دیگر افراد کا کہنا تھا کہ محمد رضوان کی ٹیم سسیکس اس وقت دو وکٹ کیپرز کے ساتھ کھیل رہی ہے اس لیے محمد رضوان کبھی بولنگ تو کبھی فیلڈنگ کے دوران وکٹوں کے عقب کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی دکھائی دے رہے ہیں۔