Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں کینسر ہسپتال کے منصوبے کی بحالی کا اعلان

منصوبہ کے تحت اسلام آباد میں کینسر کا 200 بستر کا ہسپتال قائم کیا جانا تھا (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے اسلام آباد میں کینسر ہسپتال کا منصوبہ بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کو اردو نیوز کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کینسر ہسپتال کی تعمیر روکے جانے سے متعلق خبر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے احسن اقبال نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’اس منصوبے کو بحال کیا جائے گا۔
قبل ازیں اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ ’اگر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی منظوری ملی تو اس منصوبے کو دوبارہ سے بحال کر دیا جائے گا۔
عبدالقادر پٹیل نے یہ بھی کہا تھا کہ ’وہ سرکاری سطح پر اسلام آباد میں کینسر ہسپتال کی تعمیر روکے جانے کے معاملے کی چھان بین کریں گے۔
اسلام آباد میں کینسر ہسپتال کے قیام کا منصوبہ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں روک دیا گیا تھا۔

پاکستان میں کینسر کے مریضوں اور طبی مراکز کی صورتحال

پاکستان میں کینسر کے علاج کے کل 27 مراکز ہیں، اس محدود تعداد کو طبی ماہرین کینسر کے مریضوں کے علاج میں بڑی رکاوٹ مانتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق پاکستان میں کینسر کے علاج کی سہولیات کی شدید کمی کا سامنا ہے اور سال میں صرف 10 سے 15 ہزار کے قریب مریضوں کا علاج ہی ممکن ہے۔
پاکستان میں صحت کے سرکاری اعداد و شمار کے ادارے ہیلتھ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق ملک میں سالانہ کینسر کے پونے دولاکھ کے قریب نئے کیسز سامنے آتے ہیں اور ایک لاکھ مریض جان سے چلے جاتے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں کینسر کے مریضوں کے علاج کے لیے سہولیات ناکافی ہیں۔

ایک لاکھ مریضوں کے لیے کینسر کے صرف دو ریڈیالوجسٹ اور نیوکلئیر میڈیسن کے صرف 14 ڈاکٹر ہیں جبکہ 128 سرجن موجود ہیں۔

اسلام آباد میں کینسر ہسپتال کی تعمیر کا منصوبہ کیا تھا؟

اردو نیوز کو دستیاب دستاویزات کے مطابق 200 بیڈز پر مشتمل ایک کینسر ہسپتال کا منصوبہ مسلم لیگ نواز کے دورِ حکومت میں منظور ہوا تھا جس کے لیے حکومت نے پی ایس ڈی پی کے تحت پانچ ارب روپے بھی منظور کیے تھے۔
اگست 2018 میں برسراقتدار آنے والے عمران خان نے دسمبر 2018 میں ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں وفاق اور صوبہ خیبرپختونخوا کے صحت کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں 200 بیڈز پر مشتمل پہلے کینسر ہسپتال کا منصوبہ منظور کر لیا گیا ہے۔
تاہم اچانک 17جنوری 2019 کو سرکاری ایجنسی اے پی پی نے خبر دی کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں علیحدہ کینسر ہسپتال کی تعمیر کا منصوبہ تبدیل کر دیا گیا ہے۔

شیئر: