Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عظیم قائد سے محروم ہوگئے، شیخ خلیفہ کے انتقال پر شاہ سلمان اور ولی عہد کی تعزیت

امارات کی حکومت اورعوام سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا(فائل فوٹو العربیہ)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کی وفات پر گہرے رنج اور انتہائی دکھ کا اظہار کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان اور ولی عہد نے متحدہ عرب امارات کی حکومت، آل نہیان، برادر اماراتی عوام، عربوں اور امت مسلمہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’امت عظیم قائد سے محروم ہوگئی جنہوں نے اپنے عوام، امت مسلمہ اور پوری دنیا کی بڑی خدمت کی‘۔
شاہ سلمان اور ولی عہد نے کہا کہ’ سعودی عرب اور اس کےعوام متحدہ عرب امارات کے اپنے بھائیوں کے اس دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ دعا گو ہیں وہ سب کو اس سانحے پر صبر و تحمل عطا کرے اور متحدہ عرب امارات کو ہمیشہ امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی سے نوازتا رہے‘۔
اس سے قبل سعودی وزارت خارجہ نے شیخ خلیفہ بن زاید کے انتقال پر امارات کی حکومت اورعوام سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات میں متعین سعودی سفیر ترکی الدخیل نے کہا ہے کہ’ شیخ خلیفہ بن زاید نے سیاسی، اقتصادی، سیاحتی اورعسکری ہر سطح پرامارات کو ترقی کی نئی منزلوں سے آشنا کیا اورہرسطح پر اسے توجہ کا مرکز بنا دیا‘۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی سفیر نےکہا کہ’ شیخ زاید آل نہیان نے ملک کی تعمیر و ترقی کی جو بنیاد ڈالی تھی ان کے بعد ان کی اولاد نے اسی کو اپنایا۔ شیخ خلیفہ اور امارات کے دیگر حکام انہی کے بتائے ہوئے طریقے پر آگے بڑھ رہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ امارات اپنے حکمرانوں کی فراست کی بدولت اقتصادی، سیاسی، عسکری اور سیاحتی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے‘۔

شیئر: