نئی دہلی۔۔۔۔ہندوستانی جاسوس کلبھوشن یادو کو سزائے موت سنانے کے بعد پاکستان کے ساتھ ہر قسم کے وفود کے تبادلے روک دیئے ۔ پاکستان سے 17اپریل کو میری ٹائم سیکیورٹی کے بارے میں ہونیوالی بات چیت بھی منسوخ کردی ہے۔ہند نے پاکستان کو سرکاری طور پر بتا دیا ہے کہ وہ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے وفد کی میزبانی کیلئے تیار نہیں ۔یہ وفد مذاکرات کیلئے اتوار کو ہندجانیوالا تھا۔ وزارت دفاع نے فیصلہ کیا کہ یہ وقت پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی معاملے پر بات چیت کا نہیں کیونکہ ہمسایہ ملک نے کلبھوشن یادو کو سزائے موت سنا کر تمام بین الاقوامی ضابطوں کی خلاف ورزی کی ہے۔پاکستان میری ٹائم وفد کا دورہ اڑی حملے کے بعد کسی بھی پاکستانی وفد کا پہلا دورہ ہوتا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کلبھوشن کو اچانک سزائے موت سنانے کے فیصلے کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان کے ساتھ کسی بھی سطح پر بات چیت نہ کی جائے۔پاکستان کے ہائی کمیشن کے ترجمان خواجہ معاذ طارق نے ایک ہندوستانی اخبار کو بتایا کہ ہم نے دورے کی منسوخی سے اپنی حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔