Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایک عظیم اداکار اور دوسرا عدنان صدیقی‘، لندن ملاقات پر تبصرے

عدنان صدیقی کے مطابق وہ نواز شریف کو اپنی فلم دیکھنے کی دعوت دینے آئے تھے۔ (فائل فوٹو: عدنان صدیقی/انسٹاگرام)
پاکستان میں حالیہ دنوں میں جاری سیاسی ہلچل کے دوران جہاں سیاسی کارکنان اور عام شہری متحرک نظر آئے وہیں ملک کی شوبز انڈسٹری کی شخصیات بھی سیاست میں دلچسپی نظر لیتی نظر آرہی ہیں۔
پچھلے ماہ تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں عمران خان کی حکومت ختم ہوئی تو ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا۔ ان مظاہروں میں عام شہریوں کے ساتھ متعدد اداکاروں اور گلوکاروں کی موجودگی بھی نظر آئی۔
جو احتجاج میں شریک نہ ہوئے انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغامات کے ذریعے پی ٹی آئی کی حمایت کی۔ ان اداکاروں میں شان شاہد، صبا قمر اور ماہرہ خان جیسے انڈسٹری کے بڑے نام شامل ہیں۔
اسی طرح پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حق میں بھی کچھ اداکار اور گلوکار بشمول ریشم اور وارث بیگ متحرک نظر آئے۔
پاکستانی انڈسٹری کے ایک اور بڑے اداکار عدنان صدیقی بھی گذشتہ روز پیر کو لندن میں نواز شریف سے ملاقات کرتے نظر آئے۔
سابق وزیراعظم سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عدنان صدیقی نے کہا کہ ’بہت زبردست میٹنگ رہی۔ میں اپنی فلم کے حوالے سے آیا تھا، ادھر ہم اپنی پروموشن کررہے ہیں تو ان کو مدعو کرنے کے لیے آیا تھا کہ ہماری فلم آکر دیکھیے، ہم نے بڑی محنت کی ہے۔‘
عدنان صدیقی کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے انہیں بتایا کہ ’ہم آپ کی برادری کے لیے بھی بہت کچھ سوچ رہے ہیں اور فلم پالیسی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔‘
اس ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر عدنان صدیقی کا نام پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ میں سے ایک ہے اور صارفین بھی اس پر تبصرے کررہے ہیں جس میں طنز و مزاح کا رنگ غالب نظر آتا ہے۔
میاں داؤد نامی صارف نے عدنان صدیقی اور نواز شریف کی تصویر شیئر کرتے ہوئے پی ٹی آئی پر طنز کیا کہ ’امریکی سازش کا ایک اور ثبوت۔ پاکستان کے معروف اداکار عدنان صدیقی کی امریکی صدر جو بائیڈن کے کہنے پر نواز شریف سے ملاقات۔‘
اسی تصویر کو سیٹھ عبداللہ نامی صارف نے بھی شیئر کیا اور لکھا کہ ’ان میں سے ایک عظیم اداکار ہے اور دوسرے عدنان صدیقی۔‘
زہرہ لیاقت نامی صارف نے ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کے مشہور ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کا ایک کلپ شیئر کیا اور پی ٹی آئی کے حامیوں کا ری ایکشن مزاح کے طور پر ظاہر کرنے کی کوشش کی۔ اس ویڈیو میں ہمایوں سعید عدنان صدیقی کو تھپڑ مار رہے تھے۔
ایسا نہیں کہ عدنان صدیقی عمران خان کو پسند نہیں کرتے یا ان کے مخالف ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت جانے سے قبل مارچ کے ماہ میں ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’عمران خان ایک عوامی لیڈر ہیں۔ ان کے لیے لوگوں کی محبت اس بات کا ثبوت ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا تھا کہ ’پاکستان کی خاطر انہیں ہٹانے سے بہتر ہے کہ مدت پوری کرنے دی جائے۔‘

شیئر: